Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ ٹیم میں کورونا کیسز کے باوجود ایشز جاری رہے گی: کرکٹ آسٹریلیا

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق انگلینڈ ٹیم کے آج پی سی آر ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کی ٹیم میں کورونا وائرس کی کیسز کی تصدیق کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ نک ہاکلے نے پیر کو ایشز سیریز کے بقیہ میچز سے متعلق خدشات دور کرنے کی کوشش کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میلبرن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے آغاز سے کچھ گھنٹے قبل انگلش کیمپ کے چار ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں دو سپورٹ سٹاف اور دو اہلِ خانہ کے افراد شامل ہیں۔ 
ٹیم اور انتظامیہ اپنے ہوٹل سے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لیے نکلنے ہی والے تھے کہ انہیں فوری طور پر اینٹیجن ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
انہیں میچ سے بمشکل 45 منٹ قبل ہی کلیئرنس دی گئی تھی۔
تاہم کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ ’متاثرہ افراد فی الاوقت قرنطینہ میں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کھیلنے والے پورے گروپ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ’انگلینڈ ٹیم کے آج پی سی آر ٹیسٹ کروائے جائیں گے اور دونوں ٹیمیں کھیل کے دوران اضافی احتیاط برتیں گی۔‘
آسٹریلیوی چینل سیون نیٹ ورک کا بھی کہنا تھا کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کام کرنے والے ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کی وجہ سے کمنٹری کرنے والی ٹیم میں میچ سے کچھ دیر قبل رد و بدل کرنا پڑے تھے۔

نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ ایشز کو پلان کے مطابق جاری رکھنے کی کوشش ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اومی کرون ویریئنٹ کی وجہ سے آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خاص طور پر سڈنی میں، جہاں جنوری میں ایشز کا چوتھا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ 
ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں روزانہ چھ ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
تاہم نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ ایشز کو پلان کے مطابق جاری رکھنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم پروٹوکول پر انحصار کریں گے۔ یہ روزانہ کی بنیاد (پر بننے والا) منصوبہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’میں آپ کو بتا نہیں سکتا کہ کتنا کام ہورہا ہے۔ ہماری طبی ٹیم اور کھلاڑی احتیاطی تدابیر کے ساتھ جس انہماک کے ساتھ کام کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔
’وہ بے حد پر سکون ہیں، انہیں معلوم ہے کہ ان کو یہ کرنا ہے۔‘

شیئر: