Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چندی گڑھ بلدیاتی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کو شکست دے دی

عام آدمی پارٹی نے 35 میں سے 14 میونسپل سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی سیاسی جماعت ’عام آدمی پارٹی‘ نے چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں جیت کر حکومتی جماعت بی جے پی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق پیر کو اروند کیجریوال  نے کہا کہ چندی گڑھ میں انتخابات کے نتائج ریاست پنجاب میں آنے والی تبدیلی کی جانب اشارہ ہے۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے چندی گڑھ میونسپل انتخابات میں پہلی مرتبہ حصہ لیتے ہوئے 35 میں سے 14 میونسپل سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بارہ سیٹیں جیتی ہیں۔
کانگریس نے آٹھ سیٹیں حاصل کی ہیں جبکہ شیرومنی اکالی دل سیاسی جماعت ایک سیٹ جیت سکی ہے۔
ریاست پنجاب اور ہریانہ کے مشترکہ دارالحکومت چندی گڑھ میں جمعے کو انتخابات منعقد ہوئے تھے۔
انتخابات کے نتائج آنے پر اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا کہ ’چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت ریاست پنجاب میں اہم تبدیلی کی جانب اشارہ ہے۔ عوام نے بدعنوان سیاستدانوں کو مسترد کیا ہے اور اے اے پی کو چنا ہے۔ پنجاب تبدیلی کے لیے تیار ہے۔‘
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پنجاب میں زور و شور سے انتخابی مہم چلاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’چندی گڑھ کے انتخابات تو صرف ایک ٹریلر ہیں، پنجاب (کے انتخابات میں) مکمل فلم ہوں گے۔ چندی گڑھ میں موڈ دراصل پنجاب کا موڈ ہے۔‘

روایتی طور پر چند گڑھ میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ رہتا تھا۔ فوٹو اے ایف پی

میونسپل کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی کی جیت سے بی جے پی کو دھچکا لگا ہے۔ بی جے پی کے میئر روی کانٹ شرما اور سابق میئر داویش مودگل کو اے اے پی کے امیدواروں نے شکست دی ہے۔
بی جے پی کے چندی گڑھ کے ترجمان ناریش اروڑہ نے کہا کہ حتمی نتائج سے معلوم ہوگا کہ کس جماعت کا ووٹر اے اے پی کی جانب مائل ہوا ہے کیونکہ بی جے پی کا ووٹر کبھی بھی وفاداری تبدیل نہیں کرتا۔
گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے 20 یعنی 77 فیصد سیٹوں پر کامیاب حاصل کی تھی جبکہ اس کی اتحادی جماعت اکالی دل نے ایک سیٹ جیتی تھی۔  ان انتخابات میں کانگریس کو چار یعنی 15 فیصد سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ 
خیال رہے کہ اکالی دل نے کسانوں کی جانب سے احتجاج کے معاملے پر بی جے پی سے راہیں جدا کر لی تھیں۔
روایتی طور پر چندی گڑھ میں ہر پانچ سال بعد منعقد ہونے والے میونسپل انتخابات کے دوران بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ رہتا تھا۔ تاہم اے اے پی نے میدان میں داخل ہو کر روایتی حریفوں کی نوعیت تبدیل کر دی ہے۔
آئندہ چند ہفتوں میں ریاست پنجاب میں ہونے والے انتخابات میں مقابلہ  اے اے پی، بی جے پی اور کانگریس اکالی دال اتحاد کے درمیان ہوگا۔

شیئر: