کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 147افراد صحتیاب ہوئے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ منگل 28 دسمبر کو مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے 602 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد اب تک مملکت میں کورونا وائرس میں مبتلا مجموعی مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 921 تک پہنچ گئی۔
وزارت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا سے ہونے والی ایک ہلاکت کے بعد اب تک اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 873 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس میں مبتلا 147 افراد صحتیاب ہوئے جس کے ساتھ ہی مجموعی طورپر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 41 ہزار 157 ہو گئی۔
وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں 5 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جن میں پہلی اور دوسری دونوں خوراکیں شامل ہیں۔
کورونا کی نئی شکل سے محفوظ رہنے کےلیے وزارت صحت کی جانب سے بوسٹر ڈوز لگائے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے اس ضمن میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک کم از کم 3 ماہ قبل لگائی ہے وہ بوسٹرڈوز لگانے کےلیے اپائنٹمنٹ حاصل کریں تاکہ وقت مقررہ پرویکسینیشن سینٹر جا کر ویکسین کی تیسری خوراک لگوا سکیں