ٹرینیڈاڈ... ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کوچ اسٹورٹ لا نے کہا ہے کہ پاکستان کےخلاف ابتدائی دونوں ٹی 20میچوں میں ویسٹ انڈین بیٹسمینوں نے اپنی وکٹیں پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان کو تحفتاً پیش کیں۔ نوجوان اسپنر ہی ہماری شکست کا بنیادی سبب بنا ۔ دونوں میچوں میں صورتحال ایسی نہیں تھی کہ ویسٹ انڈین ٹیم اس طرح ناکامی سے دوچار ہوتی لیکن دونوں مرتبہ نوجوان لیگ اسپنر نے اپنی بولنگ کے ذرےعے ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو ایسے شاٹس کھیلنے پر مجبور کیا ۔ جن کے نتےجے میں وہ اپنی وکٹوں سے محروم ہوئے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ شاداب خان نے اچھی بولنگ کی تاہم ان کی بولنگ کے ساتھ ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی اپنی غلطیاں بھی تھیں ۔ اکثر مواقع پر یوں محسوس ہو رہا تھا کہ بیٹسمین پاکستانی لیگ اسپنر کو اپنی وکٹیں تحفے کے طور پر پیش کر رہے ہیں ۔ اسٹورٹ لا نے کہا کہ جو ہونا تھا ہو گیا اب ہمارے پاس سیریز میں واپسی کا موقع ہے کہ اگلے دونوں میچ جیت کر سیریز میں شکست سے محفوظ رہتے ہوئے اسے برابر کر سکیں ۔ اس کےلئے ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانا ہوں گی اس کے سوا ہمارے پاس کوئی اور چارہ بھی نہیں ۔