کیا ڈیوائن جانسن فاسٹ اینڈ فیورس 10 کا حصہ ہوں گے؟
جانسن رواں سال ریلیز ہونے والی فاسٹ 9 کا بھی حصہ نہیں تھے۔ (تصویر: ڈیوائن جانسن/انسٹاگرام)
ہالی وڈ کے دوسرے مہنگے ترین اداکار ڈیوائن جانسن نے ہالی وڈ اداکار ون ڈیزل کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ سیریز کے دسویں حصے میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے اپنے رنگ نیم ’دا راک‘ کے نام سے مشہور اداکار ڈیوائن جانسن نے 2011 میں ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ فرنچائز میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اس فرینچائز کی پانچویں، چھٹی، ساتویں اور آٹھویں فلم کا حصہ رہے ہیں۔
تاہم 2017 میں اس فرنچائز کی آٹھویں فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے اور ساتھی اداکار ون ڈیزل کے درمیان اختلافات کے بعد وہ اس فرنچائز سے الگ ہوگئے تھے۔
رواں سال نومبر میں ون ڈیزل نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ڈیوائن جانسن کو ایک بار پھر ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ فرنچائز جوائن کرنے کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا ’میرے چھوٹے بھائی ڈیوائن! وقت آگیا ہے۔ دنیا فاسٹ 10 کا انتظار کررہی ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ ان کے بچے سابق ریسلر اور ہالی وڈ اداکار کو ’انکل ڈیوائن‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ ون ڈیزل نے کہا کہ انہوں نے آنجہانی اداکار پال واکر سے وعدہ کیا تھا کہ ’فاسٹ 10‘ اس فرنچائز کی سب بڑی فلم ہوگی۔
انہوں نے ڈیوائن جانسن سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’اس فرنچائز کو تنہا نہ چھوڑو، تمہیں ایک اہم کردار ادا کرنا ہے۔‘
تاہم اس درخواست کا ڈیوائن جانسن پر کچھ اثر نہ ہوا بلکہ انہوں نے ون ڈیزل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی اداکار نے سوشل میڈیا پر دعوت نامہ پوسٹ کیا باوجود اس کے کہ یہ معاملہ پہلے ہی حل ہوچکا تھا۔
انہوں نے ’سی این این‘ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’میں نے ڈیزل کو براہ راست کہا تھا کہ میں فرینچائز واپس نہیں آؤں گا۔‘
’میں نے انہیں بتایا تھا کہ میں اس فرنچائز اور اس کی کاسٹ کو ہمیشہ سپورٹ کروں گا لیکن میری واپسی کا کوئی چانس نہیں۔‘
ڈیوائن جانسن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے ان کا اپنے بچوں اور پال واکر کی موت کا [انسٹاگرام] پوسٹ میں ذکر کرنا پسند نہیں آیا۔‘
’انہیں اس معاملے سے باہر رہنے دو۔‘
واضح رہے ڈیوائن جانسن کا کردار اب تک اس فلم میں کسی اور کو نہیں دیا گیا۔ تاہم ان کی غیرموجودگی میں ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے ایک اور سپر سٹار جان سینا ’فاسٹ 9‘ کا حصہ تھے۔