اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاکستان کے ایئر پورٹس پر سہولت ڈیسک قائم
بین الاقوامی مسافروں کے لیے سہولت ڈیسک ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر قائم کیے جارہے ہیں (فائل فوٹو: وفاقی ٹیکس محتسب)
پاکستان قونصلیٹ جدہ نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب متاثرہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے کے لیے سہولیات فراہم کررہا ہے۔
منگل کو پاکستان قونصلیٹ جدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محکمہ کسٹم، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز سے منسلک ٹیکس اہلکاروں کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
اسی سلسلے میں اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے ایئرپورٹس پر وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے بین الاقوامی مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ اس ڈیسک کا افتتاح وفاقی محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کیا۔
بیان کے مطابق افتتاحی تقریب میں کسٹم کلیکٹرز، مشیر برائے وفاقی ٹیکس محتسب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ مہینوں کے دوران ملک بھر میں سرحدوں پر قائم کسٹم سٹیشنز پر بھی وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے سہولت ڈیسک کا آغاز کیا جائے گا۔