Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان نے اب تک کتنے غیر ملکی دورے کیے؟

سنہ 2018 کے چار ماہ میں وزیراعظم عمران خان نے صرف پانچ غیر ملکی دورے کیے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے اقتدار کے 1240 دنوں میں سے صرف 47 دن بیرون ملک گزارے ہیں۔ اوسطاً 22 افراد وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں ان کے وفود کا حصہ رہے ہیں۔
اردو نیوز کو دستیاب وزارت خارجہ کی دستاویز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ساڑھے تین برس میں 31 غیر ملکی دورے کیے جن پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار روپے خرچ ہوئے۔
مجموعی طور پر 690 افراد وزیراعظم کے وفد کا حصہ بنے جن میں سب سے زیادہ 44 افراد اکتوبر 2021 میں وزیراعظم کے وفد کا حصہ تھے جن میں سے 8 افراد نے اپنے اخراجات خود برداشت کیے۔
وزیراعظم نے اگست 2018 میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے ایک ماہ بعد سب سے پہلا دورہ سعودی عرب کا کیا۔ 2018 کے چار ماہ میں وزیراعظم نے صرف پانچ غیر ملکی دورے کیے جن میں دو سعودی عرب، دو متحدہ عرب امارات، ایک چین اور ایک ملائشیا کا دورہ تھا۔
ان پانچ دوروں کے لیے وہ سات دن ملک سے باہر رہے اور ان پر چار کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ ان دوروں میں سب سے بڑا وفد 28 افراد پر مشتمل تھا جنھوں نے وزیراعظم کے ساتھ چین کا دورہ کیا۔
سال 2019 میں وزیراعظم نے سعودی عرب، امریکہ، چین سمیت 16 دورے کیے جن میں ان کا سب سے طویل چھ روزہ دورہ امریکہ بھی شامل تھا۔
ان دوروں میں بھی سب سے بڑا وفد 28 افراد پر ہی مشتمل تھا جس نے وزیراعظم کے ساتھ کرغزستان کا دورہ کیا۔
ان 16 دوروں کے لیے وزیراعظم سرکاری طور پر 28 روز ملک سے باہر رہے اور اس پر مجموعی اخراجات 11 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار روپے آئے۔
سال 2020 میں کورونا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں بھی کمی آ گئی اور اُس سال وزیراعظم نے صرف چار غیر ملکی دورے کیے۔

سابق وزرائے اعظم کی نسبت عمران خان کے دورے دورانیے کے اعتبار سے مختصر تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

ان چار غیر ملکی دوروں پر ایک کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار روپے کے اخراجات آئے جبکہ سب سے بڑا وفد 28 افراد پر مشتمل تھا جس نے افغانستان کا دورہ کیا تھا۔
سال 2021 میں بھی وزیراعظم عمران خان نے صرف پانچ غیر ملکی دورے کیے جن میں دو دورے سعودی عرب کے تھے۔
تعداد کے اعتبار کے لحاظ سے ان دوروں میں شرکا کی تعداد زیادہ تھی جن میں سب سے بڑا وفد 44، دوسرے نمبر پر 39 اور تیسرے نمبر 36 افراد پر مشتمل تھا۔ ان دوروں پر دو کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔
اعدادو شمار کے مطابق سابق وزرائے اعظم کی نسبت وزیراعظم کے دورے نہ صرف دورانیے بلکہ وفود کے اعتبار سے بھی مختصر تھے بلکہ ان کے دوروں پر اخراجات بھی کم آئے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور حکومت میں 48 غیر ملکی دورے کیے جن پر 57 کروڑ 16 لاکھ روپے خرچ ہوئے جب کہ انہوں نے 92 روز ملک سے باہر گزارے، ان کے وفود میں 2137 افراد ان کے ہمراہ تھے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے 92 غیر ملکی دورے کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں 92 غیر ملکی دورے کیے جن پر ایک ارب 80 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئے۔ وہ 262 دن غیر ملکی دوروں پر رہے اور ان کے ہمراہ 2390 افراد وفود میں شامل تھے۔
نواز شریف نے بحیثیت وزیراعظم 2013 میں 10، 2014 میں 11، 2015 میں 23 ، 2016 میں 9 اور 2017 میں بھی 9 غیر ملکی دورے کیے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دور اقتدار میں 19 غیر ملکی دورے کیے جن پر 25 کروڑ 95 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

شیئر: