2021 کا پہلا غیرملکی دورہ، عمران خان 23 فروری کو سری لنکا روانہ ہوں گے
عمران خان دورے کے دوران سری لنکن صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کرے گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم پاکستان عمران خان آئندہ ہفتے سری لنکا کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
سری لنکا کی وزرات خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’پاکستانی وزیراعظم 23 فروری کو سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پکسے کی دعوت پر آرہے ہیں۔‘
وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے دورے کے دوران سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پکسے اور وزیراعظم مہندا راجا پکسے سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان وہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان اور سری لنکن وزیراعظم 23 فروری کو ایک تقریب کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے جس میں کئی ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔
عمران خان کی سری لنکن وزیراعظم مہندا راجاپکسا سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر بھی ملاقات طے ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے رواں سال کے اس پہلے غیرملکی دورے میں ان کے ساتھ ایک بزنس اور انویسٹمنٹ وفد بھی ہو گا۔
وفد میں ٹیکسٹائل، فارماسوٹیکل، زرعی کھانے کی اشیا، سپورٹس، جواہرات اور زیورات سمیت دوسرے کاروباری سیکٹرز کے کاروباری رہنما شامل ہوں گے۔
عمران خان کے اس دو روزہ دورے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے تجارت عبدالزاق داؤد، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور دوسرے اعلیٰ حکام ساتھ ہوں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سری لنکا نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے پارلیمنٹ سے ہونے والا خطاب ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ان کے ’مصروف شیڈول‘ کو مد نظر رکھتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔
اس حوالے سے سری لنکن پارلیمنٹ کے مواصلاتی سربراہ شان وجیٹونج نے عرب نیوز کو بتایا تھا کہ ’وزیراعظم کے مصروف شیڈول کی وجہ سے اس خطاب کو فی الحال منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘