سعودی وزیرخارجہ کا دورہ چین، ایران کے ایٹمی پروگرام پر بات چیت
مشرق وسطی میں امن و استحکام کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو اپنے چینی ہم منصب وانگ بی سے چین کے جنوبی شہر ووشی میں ملاقات کی-
فیصل بن فرحان پیر کو چین کے سرکاری دورے پر پہنچے تھے-
ایس پی اے کے مطابق فریقین نے مملکت اور چین کے مضبوط دوستانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طور طریقوں کا جائزہ لیا- انہوں نے سرکاری مذاکرات کے دوران تعاون اور یکجہتی کے طور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا-
چین اور مملکت کے وزارئے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی امور پر گفت و شنید کی- خصوصا مشرق وسطی میں امن و استحکام کے معاملے پر غوروخوض کیا- انہوں نے مشرق وسطی سمیت دنیا بھر میں دونوں دوست ملکوں کی ان کوششوں کا بھی جائزہ لیا جو وہ امن کی جڑیں مضبوط بنانے کے لیے کررہے ہیں-
فریقین نے ایران کے ایٹمی پروگرام اور اس سلسلے میں ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا- انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے والے اقدامات پر بھی بات چیت کی جبکہ علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ اور ان کی گتھیاں سلجھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ عمل میں آیا-
فریقین نے دونوں ملکوں کی سٹراٹیجک دوستی کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے والے طور طریقوں پر بات چیت کی- اعلی سطحی سعودی چینی مشترکہ کمیشن کے کردار پر بات چیت کی-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے علاوہ کویت، سلطنت عمان اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے بھی پیر کو چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر پانچ روزہ سرکاری دورے کا آغاز کردیا-
چین خام تیل درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے- گزشتہ مہینوں کے دوران بین الاقوامی معیشت میں بہتری کے باعث پٹرول اور گیس سمیت توانائی کے تمام وسائل کے نرخ غیرمعمولی حد تک بڑھ گئے ہیں- چین کو تیل کی رسد کے حوالے سے تشویش ہورہی ہے-
گلوبل ٹائمز نے اپنے نئے شمارے میں توجہ دلائی ہے کہ چار خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کے دورہ چین سے جی سی سی اور چین کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت ہوسکتی ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں