موسم کی خرابی کے باعث پروازیں متاثر، ’مسافر پرواز سے قبل معلومات حاصل کریں‘
منگل 11 جنوری 2022 12:32
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
ترجمان کے مطابق پروازوں کی تاخیر دھند کے باعث طیاروں کی بروقت آمد نہ ہونا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے خبردار کیا ہے کہ موسم کی صورتحال کے باعث آئندہ چند دنوں تک مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق لاہور اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے اور لاہور آنے، جانے والی فلائٹس تاخیر کا شکار ہیں جبکہ کچھ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے اس حوالے سے اردو نیوز کو بتایا کہ ’لاہور سے جدہ جانے والی بین الاقوامی پرواز تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے کوئٹہ کی پرواز میں بھی تاخیر ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آئندہ چند روز موسم کی صورتحال میں خرابی متوقع ہے جس کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق پروازوں کی تاخیر دھند کے باعث طیاروں کی بروقت آمد نہ ہونا ہے اس لیے مسافر ایئر پورٹ آمد سے قبل اپنی پرواز کے حوالے سے معلومات حاصل کریں۔
پی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق ’منسوخ ہونے والی پروازوں کے مسافروں کو متبادل پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے جبکہ پی آئی اے کا عملہ مسافروں کی دیکھ بھال کے لیے ایئر پورٹ پر موجود ہے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ لاہور ایئر پورٹ پر رش کے باعث مسافروں بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کے لیے کچھ وقت پہلے پہنچیں جبکہ مزید معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹرز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔