’سعودی عرب اور امارات سے آنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ ہوگا‘
’سعودی عرب اور امارات سے آنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ ہوگا‘
منگل 4 جنوری 2022 15:23
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
سعودی عرب اور امارات سے آنے والے 50 فیصد مسافروں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا (فائل فوٹو: این آئی ایچ)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الااقوامی پروازوں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔
منگل کو جاری ہونے والے نئے سفری ہدایت نامے کے مطابق 15 سال سے زائد عمر کے تمام مسافروں کو پرواز سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آنے والے 50 فیصد مسافروں کا پاکستانی ایئر پورٹ پہنچنے پر کورونا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ یورپی ممالک سے آنے والی پروازوں کے تمام مسافروں کے لیے کورونا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان سیف اللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافروں کا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کیا جائے گا، اگر پرواز میں 200 مسافر ہیں تو 100 مسافروں کو اس ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اومنی کرون کے کیسز کم ہیں جبکہ یورپی ممالک میں اومنی کرون کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث یورپ سے آنے والے تمام مسافروں کو ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایئر پورٹ پر جن مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آئے گا انہیں 10 روز قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔
’وزارت صحت کی جانب سے قائم کیے گئے قرنطینہ سینٹرز میں قیام کے اخراجات نہیں ادا کرنا پڑیں گے جبکہ کسی ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کی صورت میں مسافروں کو تمام خرچہ خود برداشت کرنا ہوگا۔‘
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مسافر کو 10 روز قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے (فائل فوٹو: این آئی ایچ)
نئے ہدایت نامے کے مطابق تمام مسافروں کے لیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم ان مسافروں کو استثنیٰ حاصل ہے جو کسی وجہ سے بیرون ملک رہتے ہوئے ویکسین نہیں لگوا سکے۔ غیر قانونی تارکین وطن اور ان افراد کو بھی استثنیٰ حاصل ہے جن کی ویزے کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔
اس کے علاوہ حاملہ خواتین کو بھی ویکسین لگوائے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہے جبکہ 15 سے 18 سال کی عمر کے مسافروں کو 15 فروری تک بغیر ویکسین کے سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے نئے سفری ہدایت نامے کا اطلاق 5 جنوری سے ہوگا۔