تیز ہواؤں اور شدید بارش کے باعث ریاض سیزن کے متعدد پروگرام ملتوی
ریاض سیزن کے دوران تیز ہواؤں اور شدید بارش کے باعث کھلی جگہ پر منعقد کیے جانے والے کئی پروگرام ملتوی کر دیے گئے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو سورج غروب ہوتے وقت شہر میں بارش شروع ہوئی اور 31 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
شائقین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاض سیزن کی انتظامیہ نے کھلے مقامات پر ہونے والے پروگرام ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
ریاض سیزن کے چیئرمین اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ترکی الشیخ نے ٹویٹ کیا کہ ریاض میں موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پروگرام ملتوی کرنا پڑے۔
انتظامیہ نے فوری طور پر شام ساڑھے سات بجے منعقد کیے جانے والے بچوں کے ایک کنسرٹ کو ملتوی کیا۔
پروگرام کے منتظمین نے موسم کی صورتحال اور تیز ہواؤں کے پیش نظر شائقین کو فوری طور پر جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی۔
ریاض سیزن کے ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ 'ہر ایک کی حفاظت کی غرض سے، سٹرے کڈز اینڈ چنگا نامی کنسرٹ اگلے اعلان تک کے لیے خراب موسم کے باعث ملتوی کرنا پڑا ہے۔'
منتظمین کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا یہ پروگرام صرف ملتوی کیا گیا یا منسوخ کر دیا گیا ہے۔