دکاندار آنے والے زائرین میں مفت ماسک بھی تقسیم کررہے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض سیزن کی انتظامیہ نے پروگرام ’بولیوارڈ ریاض سٹی‘ میں آنے والے شائقین پرماسک کے استعمال کی پابندی عائد کردی ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام میں آنے والے شائقین ، اشیا فروخت کرنے والےاور منتظمین کےلیے ہر پروگرام میں حفاظتی ماسک پہننا ضروری ہے۔
’عاجل ویب‘ سائٹ کے مطابق محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن میں کورونا وائرس سے بچاو کےلیے انتظامات کے سلسلے میں وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات پرعمل کیا جارہا ہے اس ضمن میں وزارت کی ساتھ یکجہتی ہے۔
بولیوارڈ ریاض سٹی کی انتظامیہ نے تاکید کی ہے کہ جو جتنا وقت بھی کسی پروگرام میں گزارے گا اسے اس دوران ماسک کی پابندی کرنا ہو گی ۔
سبق ویب سائٹ کے رپورٹر نے اطلاع دی ہے کہ بولیوارڈ ریاض سٹی کے بیشتر شائقین، سامان فروش اور منتظمین ماسک استعمال کر رہے ہیں ۔
متعدد پروگراموں کے منتظمین شائقین کو مفت ماسک بھی تقسیم کرتے ہیں ۔ محکمہ تفریحات کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ شائقین ریاض سیزن دیکھنے کےلیے آچکے ہیں۔
یادرہے کہ گزشتہ دنوں مملکت میں کورونا ویکسین سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ شروع ہوا۔ ہر روز متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔