Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے محمد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوگیا

محمد حسنین بی بی ایل میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ (تصویر: سڈنی تھنڈر/ٹوئٹر)
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے ایک میچ کے دوران رپورٹ کیا گیا ہے اور اب انہیں بولنگ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔
’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق محمد حسنین کا بولنگ ایکشن امپائرز کی جانب سے مشکوک قرار دیا گیا ہے اور ابھی انہیں لاہور میں آئی سی سی سے تصدیق شدہ لیبارٹری سے بائیومکینک ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
اکیس سالہ فاسٹ بولر اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ بی بی ایل کھیل رہے ہیں اور اس سیزن کے پہلے ہی میچ میں انہوں نے 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سڈنی سکسرز کے خلاف آخری میچ کے دوران محمد حسنین کی ایک باؤنسر کے بعد موائزز ہینریکز نے انہیں طنزیہ انداز میں کہا تھا ’نائس تھرو میٹ‘، تاہم ان کے ایکشن کی طرف امپائرز کی توجہ کس نے دلوائی اس حوالے سے کوئی معلومات موجود نہیں ہے۔
حسنین اب تک بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کی جانب سے پانچ میچ کھیل کر سات وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
محمد حسنین کے علاوہ دیگر پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف، فخر زمان اور شاداب خان بھی بی بی ایل میں کھیل رہے تھے۔
تاہم ان تینوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوری 27 کو شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کی تیاری کے لیے وطن واپس بلالیا ہے۔

شیئر: