Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حارث رؤف، یو بیوٹی‘: بولنگ کے بعد فیلڈنگ میں بھی دھوم

حارث رؤف کی ٹیم یہ میچ پانچ وکٹوں سے ہار گئی۔ (تصویر: میلبرن سٹارز)
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں اس بار پاکستانی کرکٹ شائقین کی دلچسپی بہت زیادہ ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ متعدد پاکستانی کھلاڑی آسٹریلین فرنچائزوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔
کل سوشل میڈیا پر نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کے چرچے تھے جنہوں نے اپنے ہی بی بی ایل میچ کے پہلے ہی اوور میں ’ایڈیلییڈ سٹارائکرز‘ کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھادی تھی اور ان کی ٹیم ’سڈنی تھنڈر‘ یہ میچ باآسانی جیت گئی تھی۔
آج بی بی ایل میں ’میلبرن سٹارز‘ اور ’میلبرن رینیگیڈز‘ کا میچ تھا جو کہ سٹارز پانچ وکٹوں سے ہار گئے۔ لیکن ہارنے والی ٹیم کے ایک کھلاڑی ابھی بھی سوشل میڈیا پر راج کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور وہ ہیں پاکستان فاسٹ بولر حارث رؤف۔
آج انہوں نے باؤنڈری پر ایک ایسا کیچ پکڑا کہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایرون فنچ کو بھی یقین نہیں آیا کہ وہ آوٹ ہوگئے ہیں۔
حارث رؤف کے مداح انہیں ایک ناقابل یقین کیچ پکڑنے پر ’سپریم اتھیلیٹ‘ کا لقب دے رہے ہیں۔
فریڈ خان نامی صارف نے لکھا کہ ’واٹ آ کیچ۔ حارث رؤف، یو بیوٹی۔‘
اس کی علاوہ حارث رؤف نے آج کے میچ میں 4 اوورز میں 26 رنز دے کر 1 وکٹ بھی حاصل کی۔ ان کی برق رفتار گیند پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے افغانستان کے محمد نبی۔
بی بی ایل کے آفیشل اکاؤنٹ نے پاکستانی بولر کے محمد نبی کو آؤٹ کرنے اور جشن منانے کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا ’ہمیں اس (جشن منانے کے اس طریقے) سے پیار ہے۔‘
حارث رؤف نے اننگز کے آخری اوور میں ایک چھکا بھی مارا اور جسے دیکھ کر شائقین کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا ۔

 

شیئر: