Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ڈرائیور کی ڈاکار ریلی میں شوقیہ انٹری کی ویڈیو وائرل

ہیلی کاپٹر سے ویڈیو گرافر نے ہمیں آگے بڑھنے کے لیے کچھ اشارے دیے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ہونے والی  ڈاکار ریلی میں شوٹ کی گئی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں ایک  عام پک اپ گاڑی کو ریس میں شامل دوسری گاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  اس ویڈیو میں 2015 ماڈل کی نسان ڈاٹسن  پک اپ نظر آ رہی ہے، جس  میں ایک  ڈرائیور ڈاکار ریلی میں شامل بیلجیم کے ریسر کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔
یہ ویڈیو 24 سالہ سعودی ڈرائیور مشعال الشلوی کی طرف سے کیا گیا ایک مذاق تھا اور وہ اپنے آپ کو کیمرے کی زد میں لانا چاہتا تھا تا کہ منظرعام پرآ جائے۔
مشعال الشلوی ڈاکار ریلی کے مختص ٹریک سے ہٹ کر بیلجیئم کے ڈرائیور کے ساتھ ساتھ  گاڑی چلا رہا تھا۔
ٹویٹر پر  یہ  ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا۔
ڈاٹسن پک اپ کو  ریلی میں شامل ہیلی کاپٹر پر موجود  ویڈیو گرافروں میں سے ایک نے اپنے کیمرے میں لیا تھا۔
طائف سے تعلق رکھنے والے  مشعال الشلوی نے  بتایا  ہے کہ  وہ  سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی کے بہت بڑے مداح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اور میرے دوست اپنی گاڑی میں 110 تا 120 کلومیٹر کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے کہ ہم نے اچانک ریس میں شامل گاڑی کو دیکھا جس کے بعد ہم پرجوش ہو گئے۔

سعودی ڈرائیور اپنے آپ کو کیمرے کی زد میں لانا چاہتا تھا۔ (فوٹو ٹوئٹر سکرین شاٹ)

انہوں نے بتایا کہ ریلی کے ساتھ موجود  ہیلی کاپٹر سے ویڈیو گرافر نے ہمیں آگے بڑھنے کے لیے کچھ اشارے دیے جس کے بعد میں نے ریس میں شامل گاڑی کے ساتھ ساتھ  اپنی گاڑی تیز چلانا شروع کردی۔
فوٹوگرافر کے اشاروں نے مجھے  گاڑی کو مزید تیز چلانے  اور ریس میں شامل گاڑی کو پیچھے چھوڑنے کا حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کے لیے ریلی کے لیے مخصوص  ٹریک کے دوسری جانب گاڑی چلا رہا تھا۔
الشلوی نے مزید کہا کہ  اس معرکے  سے قبل  وہ قریب موجود  اپنے مویشیوں کی جانب توجہ کرنے جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ریس سے قبل منتظمین کی جانب سے مقامی کسانوں کو اس بابت آگاہ کر دیا گیا تھا  تا کہ کسی بھی حادثے سے محفوظ رہا جا سکے اور یہ قابل ستائش ہے۔
مشعال نے بتایا کہ میں روزانہ اس علاقے سے طائف شہر اپنے کالج پہنچنے کے لیےتقریبا 50 کلومیٹر ایسے علاقے میں گاڑی چلاتا ہوں جہاں کوئی سڑک نہیں اس لیے ان راستوں سے اچھی طرح واقف ہوں۔
آخر میں سعودی ڈرائیور مشعال الشلوی نے بتایا ہے کہ ڈاکار ریلی میں حصہ لینا ان کا خواب ہے لیکن اس خواب کو سچ ثابت کرنا انتہائی مہنگا کام ہے۔
 

شیئر: