Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی حالت بہتر، اہلخانہ کی دعاؤں کی اپیل

ترجمان کے مطابق کو دل کے امراض کا علاج کرنے والے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے (فوٹو: اے پی)
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی بیٹی نے کہا ہے کہ ان کے والد کی حالت اب بہتر ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مہاتیر محمد کو چند ہفتوں میں تیسری بار دل کے امراض کے لیے مخصوص ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کے ہسپتال میں داخل ہونے کی خبر سن کر میڈیا بھی پہنچ گیا اور موجودہ وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے بھی ان کی عیادت کی۔
ان کی بیٹی مرینا مہاتیر کے مطابق ان کے 96 سالہ والد گذشتہ دو روز سے کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’تقریباً دو ہفتے قبل ان کا اسی ہسپتال میں آپریشن ہوا تھا جس کے بعد اب انہیں فالو اپ کے لیے لایا گیا۔‘
مرینا مہاتیر کے مطابق ’ان کی حالت اب بہتر ہے اور انہیں علاج سے فرق پڑ رہا ہے۔‘
انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ ’ان کا خاندان لوگوں سے ان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتا ہے۔‘
مہاتیر محمد دسمبر میں بھی چیک اپ کے لیے ہسپتال میں کئی دن گزار چکے ہیں۔
واضح رہے مہاتیر محمد سنہ 1981 سے سنہ 2003 ملائیشیا کے چوتھے وزیراعظم رہے۔ اس کے بعد اتحادی حکومت میں وہ سنہ 2018 سے 2020 تک ملک کے ساتویں وزیراعظم بنے۔
ان کے اقتدار کا کُل عرصہ 24 برس کے لگ بھگ ہے جس میں انہوں نے ملائیشیا کو خطے کی ایک اہم معیشت بنایا۔

شیئر: