Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں پاکستان ریپیٹریشن کونسل کے تحت یومِ پاکستان کی تقریب

جدہ- - - -پاکستان ریپیٹریشن کونسل (PRC)کے تحت 77ویں یومِ پاکستان کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقدہوئی جسکی صدارت سابق سعودی سفارتکاراور معروف کالم نگار ڈاکٹر علی الغامدی نے کی جبکہ پاکستان رائٹر فورم کے صدر انجینیئرنیاز احمد مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز ادبی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تلاوتِ قرآن پاک سے تقریب کاآغاز ہواجس کی سعادت شمس الدین الطاف نے حاصل کی۔ سیدمسرت خلیل نے خیرمقدمی کلمات ادا کئے اور کشمیر ومحصورین بنگلہ دیش کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ممتاز شعراء انجینئر سید محسن علوی اور نوشاد عثمان نے منظوم کلام اور شیر افضل نے ملّی نغمہ پیش کیا۔ڈاکٹر الغامدی نے صدارتی خطا ب میں کہا کہ نواز شریف جنہیں اللہ نے تیسری دفعہ وزیر اعظم بنایا ہے کا فرض ہے کہ اپنے وعدے کے مطابق محصورین کوجلد پاکستان میں آباد کریں۔ مہمانِ خصوصی انجینیئر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان نہ ہوتا تو اسلامی تشخص کا تصور نہ رہتا۔جموں کشمیر اووسیزکمیٹی کے راہنما راجہ زرین خان نے کہا کہ اہلِ کشمیر نے بھی پوری طرح قائد اعظم کے ساتھ تحریک پاکستان کا ساتھ دیا ۔انجینیئر آصف بٹ نے کہاایسٹ انڈیاکمپنی نے قیام کے بعد ہی ہندوؤں کو مسلمانوں پر ترجیح دی اور آہستہ آہستہ مسلمان کوعملی طورپر کمزور کرتے گئے ۔ پاکستان پیپلز کمیونٹی کے شمس الدین الطا ف نے ڈاکٹر علی الغامدی کایوم پاکستان کی تقریب میں شرکت اور کشمیر و محصورین بنگلہ دیش کے کاز میں دلچسپی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ بزرگ رہنما شیخ محمد لقمان نے کہا کہ قائد اعظم نے جس نظریہ کے تحت پاکستان بنایاتھا ہم نے اسے بھلا دیااور قوم تقسیم ہوتی جارہی ہے۔سماجی رہنما آغا محمد اکرم نے کہاکہ آج قائد جیسا رہنما ہی پاکستان کو اسلامی ریاست بناسکتاہے ۔میمن ویلفیئر سوسائٹی(ایم ڈبلیو ایس) کے جنرل سیکریٹری طیب موسانی نے کہا کہ ہمیں دوسروں پر تنقید کے بجائے پاکستان کے لئے مثبت عملی اقدام کرناچاہیے۔ کنوینر انجینیئر سید احسان الحق نے تقریب میں شرکت پر ڈاکٹر علی الغامدی، محمد علی الغامدی اور دیگر تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔

شیئر: