کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے والے دنیا کے سب سے بڑے تیرتے پلانٹ کا افتتاح
نئے پلانٹ سے یومیہ ڈیڑھ لاکھ مکعب میٹر پانی حاصل ہوگا۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب نے کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے دنیا کے سب سے بڑے تیرتے پلانٹ کا افتتاح کیا ہے۔ اس سے سعودی عرب میں پانی کی فراہمی میں بڑی سہولت ہوگی-
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب نے مغربی ساحل پر واقع الشقیق بندرگاہ کے قریب کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والا پہلے تیرتے پلانٹ کا افتتاح کیا ہے-
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت مملکت کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد منصوبے نافذ کر رہی ہے۔ یہ ان میں سے ایک ہے۔
گورنر جازان شہزادہ محمد بن ناصر نے نئے منصوبے کا افتتاح وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی، کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے قومی ادارے (ایس ڈبلیو سی سی) کے گورنر عبداللہ بن عبدالکریم کی موجودگی میں افتتاح کیا۔
نئے پلانٹ سے یومیہ ڈیڑھ لاکھ مکعب میٹر پانی حاصل ہوگا-
ایس ڈبلیو سی سی کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے کے لیے تیرتے پلانٹس قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے- ایس ڈبلیو سی سی اس طرح کے تین پلانٹس قائم کر چکا ہے-
گورنر عبداللہ العبد الکریم نے بتایا کہ ہمیں اپنے منصوبے نافذ کرنے کے لیے حکومت سے غیرمعمولی مدد مل رہی ہے-
البحری کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبداللہ الدبیخی نے کہا کہ ہماری کمپنی ایس ڈبلیو سی سی کی شراکت سے کام کر رہی ہے- نیا منصوبہ مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں