Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی سے بین الاقوامی تفریحی گروپ کا معاہدہ

سرکس اور تفریحی گروپ نے سعودی عرب میں اب تک چھ شو پیش کیے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کی وزارت ثقافت نے کینیڈا کے تفریحی گروپ Cirque du Soleil کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت یہ گروپ اپنی مشہور تخلیقی پرفارمنس مملکت میں  پیش کرسکے گا۔
عرب نیوز کے مطابق  مملکت میں ثقافت کے وزیر اور تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان اور سرک ڈو سولیل کے شریک چیئرمین گیبریل ڈی البا نے امریکہ کے شہر نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
معاہدے کے تحت یہ تفریحی گروپ  کئی ایوارڈ یافتہ مختلف قسم کے  خوبصورت شوز کے ساتھ  سرکس کے حیران کن شوز پہلی بار سعودی عرب میں پیش کرے گا۔
اس تفریحی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے لیے ایک بالکل نئے انداز کا  منفرد شو بھی تیار کیا جائے گا۔
وزارت ثقافت اور تفریحی گروپ کے مابین معاہدے میں یہ بھی طے کیا  گیا ہے کہ یہاں علاقائی طور پر سرک ڈو سولیل اکیڈمی اور اس سے متعلقہ دفتر قائم کیا جائے گا تاکہ بہترین عالمی سرکس ماہرین کی قیادت میں اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کی جاسکے۔
مختلف قسم کے فن سیکھنے کے لیے دلچسپی رکھنے والوں کو مملکت بھر سے اور بیرون ملک سے یہاں داخلے کی دعوت دی جائے گی تا کہ وہ بہترین کارکردگی سے اپنی مہارت نکھار سکیں۔

سعودی عرب کے لیے  نئے انداز کا منفرد شو بھی تیار کیا جائے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)

اس اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے افراد کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا جائے گا۔
تفریحی گروپ سرک ڈو سولیل نے سعودی عرب میں 2018 سے اب تک اپنی بہترین پرفارمنس کے ساتھ  چھ شو پیش کیے ہیں۔
ان مختلف قسم کے کرتبوں اور بازی گری میں آخری  شو میسی 10 تھا جو نومبر میں ریاض سیزن کے دوران منعقد  کیا گیا تھا۔
 اس  شو کے دوران فٹبالرز اور فٹبال سے محبت رکھنے والوں کے لیے خاص طور پر  عالمی شہرت یافتہ ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی تھی۔

تفریح گروپ کی جانب سے ریاض سیزن میں خاص شو منعقد کیا گیا۔ (فوٹو عرب نیوز)

سعودی عرب میں  تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کے قیام کے بعدہونے خاص طور پر ہونے والا یہ معاہدہ تفریحی گروپ کی یہاں پرفارمنس کے لیے ہوا ہے۔
پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی نے گزشتہ سال اس شعبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی حکمت عملی کا اعلان کیا تھا۔
اس معاہدے کے تحت  تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس کے لیے بہتر انفراسٹرکچر مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ  ملازمت کے مواقع فراہم کرنا، شراکت داری قائم کرنا شامل ہے۔
مزید یہ کہ 2030 تک تقریباً 4500 مختلف قسم کے سکرپٹس کے ساتھ پرفارمنگ آرٹس  کی تربیت دینے والے  چار ہزار سے زیادہ   اساتذہ کے لیے تعلیمی اور تربیتی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
 

شیئر: