Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں جلد ہی پاسپورٹ آفس کھولا جائے گا: مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز

ایوب آفریدی نے کہا کہ ’ہروب اور خاتمہ اقامہ کے مسائل کے سفارتی کوششوں کے ذریعے نمٹا جائے گا۔‘ (فوٹو: وزارت اوورسیز)
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی نے اپنے دورۂ مدینہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی شکایات سنیں اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کو ان شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزارت سمندر پار پاكستانیز اور ترقی انسانی وسائل کے مطابق ایوب آفریدی نے کہا کہ ’مدینہ میں جلد ہی پاسپورٹ آفس کھولا جائے گا۔‘
’ابھا، جازان، الباحہ، بیشا اور نجران میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام کے لیے تیزی سے کام کیا جائے گا۔‘
انہوں نے ہدایت کی کہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مدینہ میں ہفتہ وار یا زیادہ سے زیادہ دو ہفتے بعد کھلی کچہری کا انعقاد کریں۔
’کمیونٹی ویلفیئر اتاشی قیدیوں اور دیت/بلڈ منی کے مسائل کے لیے قانونی فرم کی خدمات حاصل  کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہروب اور خاتمہ اقامہ کے مسائل کو سفارتی کوششوں کے ذریعے نمٹایا جائے گا۔‘
انہوں نے سمندر پار انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتوں کی نقل و حمل کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے جلد ہی ایک طریقہ کار وضع کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

شیئر: