Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کہاں وہ اور کہاں میں؟‘ ٹوئٹر نے پاکستانی خاتون کا پیغام بوبی دیول تک پہنچا دیا

منال خان پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کی رہائشی ہیں۔ (تصویر: منال فہیم خان/ٹوئٹر)
منال فہیم خان پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کی رہائشی ہیں اور انڈین اداکار بوبی دیول کی پرستار ہیں۔
منگل کے روز انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شئیر کی جس میں وہ ایک کیک کی تصویر لیے کھڑی تھیں اور اس پر بوبی دیول کی تصویر بنی ہوئی تھی۔
انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’ٹوئٹر، مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ بوبی دیول کی سالگرہ 27 جنوری کو ہے اور اسے میں ہر سال مناتی ہوں۔‘
انہوں نے ٹویٹ میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ بوبی دیول خود انہیں جواب دیں اور انہیں پتہ چلے کہ پاکستان میں ایک لڑکی ہے جو ہر سال ان کی سالگرہ مناتی ہے۔
منال کی خواہش نے حقیقت کا روپ اس وقت دھارا جب بوبی دیول نے ان کی ٹویٹ کا جواب دیا۔
بوبی دیول نے منال کو ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی محبت کا بے انتہا شکریہ۔‘
بوبی دیول نے ٹویٹ میں منال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
منال نے بوبی دیول کی سالگرہ منانے کے حوالے سے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے ٹویٹ کی گئی تصویر کئی سال پرانی ہے۔
’میں نے 2017 میں اپنے دوستوں کے ساتھ مذاق کیا کہ میں بوبی دیول کی بہت بڑی پرستار ہوں اور ان کی سالگرہ ہر سال مناتی ہوں۔ میری یہ بات سن کر وہ حیران رہ گئے۔‘
منال کا کہنا ہے کہ اتفاق سے اس واقعے کے دو سال بعد ان کے ایک دوست کی کسی فنکشن کے دوران بوبی دیول سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے انڈین اداکار کو بتایا کہ منال ان کی بہت بڑی فین ہیں اور ان کی سالگرہ ہر سال مناتی ہیں جس کے بعد بوبی دیول نے منال کے لیے ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی جس میں وہ شکریہ ادا کررہے تھے۔

بوبی دیول نے منال کی محبت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ (تصویر: اے ایف پی)

’دو سال پہلے میں بوبی کی برتھ ڈے پر ایک کیک بناکر اس پر ان کی تصویر لگائی اور اس سال اس تصویر کو دوبارہ ٹوئٹر پر شیئر کیا۔‘
منال کا کہنا تھا کہ ’کہاں وہ بالی وڈ سٹار اور کہاں میں؟ میرا یہ پیغام ان تک کیسے پہنچ سکتا تھا لیکن جب میں ٹویٹ کی تو انڈیا اور پاکستان کے دوستوں نے شیئر کرکے یہ پیغام بوبی دیول تک پہنچادیا۔‘
منال نے مزید کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ سوشل میڈیا کتنی طاقت رکھتا ہے اور اس نے پوری دنیا کو ایک جگہ اکٹھا کیا ہوا ہے۔‘

شیئر: