کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا مالی میں یتیموں کے لیے امدادی پروگرام
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا مالی میں یتیموں کے لیے امدادی پروگرام
ہفتہ 29 جنوری 2022 21:02
مرکز کے سپروائزر احمد بن علی البیز نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر (کے ایس ریلیف) نے افریقہ کے ملک مالی میں یتیم بچوں کی مدد کے لیے ایک ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس امدادی پیکیج کے تحت جمہوریہ مالی کے مختلف شہروں اور قصبوں باماکو، کولیکورو، سیگو، گاو اور سیکاسو میں موجود 1317 افراد کو امداد فراہم کی جائے گی۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر میں امدادی پروگرام کے آپریشنز کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر احمد بن علی البیز نے اس اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس امدادی پروگرام کا مقصد یتیم بچوں کے لیے نقد رقم کی فراہمی ہے۔ ہر تین ماہ بعد یہ مخصوص رقم ایک سال کے لیے تقسیم کی جائے گی۔
اس امدادی پروگرام کے تحت سات سال سے 15 سال کی عمر کے یتیم بچوں کی فیس کی ادائیگی کے لیے انہیں رجسٹر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں غریب اور ضرورت مند خواتین کو سلائی میں مہارت حاصل کرنے کی تربیت فراہم کر کے ضروری سامان مہیا کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ضرورت مند اورغریب خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے ان میں بھیڑیں تقسیم کی جائیں گی۔
سعودی عرب کی جانب سے امدادی پروگرام کے تحت کنگ سلمان ریلیف سینٹر مختلف غریب ممالک میں ضرورت مند اور یتیم افراد کے حالات زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرتا ہے۔