لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
اتوار 30 جنوری 2022 17:09
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے ہرادیا ہے۔
قلندرز کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے 60 گیندوں پر 106 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دا میچ قرار پائے۔
ان کے علاوہ سمیت پٹیل نے 18 گیندوں پر 26 اور محمد حفیظ نے 21 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد نبی اور عامر یامین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کنگز کی طرف سے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اوپنر شرجیل خان نے 39 گیندیں کھیل کر سب سے زیادہ 60 رنز بنائے۔ جبکہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کے دیگر بیٹمسمین محمد نبی 15، عامر یامین نو، لیوس گریگری دو، صاحبزادہ فرحان آٹھ اور عماد وسیم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
جبکہ جو کلارک 18 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف نے چار اوورز میں 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، راشد خان اور محمد حفیظ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ بیٹسمین صاحبزادہ فرحان آج کراچی کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے اور فاسٹ بولر عمید آصف بھی سکواڈ کا حصہ تھے۔
جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔