Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین ہینڈ بال چیمپئن شپ: سعودی عرب نے ایران کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا

پانچ ٹیموں نے ورلڈ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب نے دمام میں 20 ویں ایشین مینز ہینڈ بال چیمپئن شپ میں ایران کو 26-23 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹیم نے پہلے ہاف کا اختتام 15-12 کی برتری کے ساتھ کیا اور تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ کے اختتام تک تین پوائنٹ کے فرق کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔
یہ دوسرا موقع تھا جب سعودی عرب نے ایران کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا اس سے قبل 2008 میں بھی سعودی ٹیم نے ایرانی ٹیم کو 24-23 سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ سعودی ٹیم 2002 اور 2012 کے ایڈیشنز میں بھی تیسرے نمبر پر رہی تھی۔

 قطر نے پانچویں بار ایشین مینز ہینڈ بال چیمپئن شپ جیت لی ہے( فوٹو ٹوئٹر)

دوسری جانب قطر نے 20 ویں ایشین مینز ہینڈ بال چیمپئن شپ گولڈ میڈل کے مقابلے میں بحرین کو شکست دے کر لگاتار پانچویں بار ایشین مینز ہینڈ بال چیمپئن شپ جیت لی ہے۔
قطری ٹیم نے 2014 سے 2022 تک ہر ایڈیشن میں سونے کا تمغہ جیتا ہے جبکہ جنوبی کوریا کی ٹیم نے 1983 اور 1993 کے درمیان سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
جنوبی کوریا نے نو بار ایشین مینز ہینڈ بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جب کہ قطر کی ٹیم پانچ بار یہ اعزاز اپنے نام کر چکی ہے۔
ٹورنامنٹ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں قطر،بحرین، سعودی عرب، ایران اور جنوبی کوریا نے بھی 2022 ورلڈ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جو سویڈن اور پولینڈ میں کھیلی جائے گی۔

شیئر: