Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹائم لائنز پر ’شزا اور فضہ‘ کا تذکرہ کیوں؟

’شزا اور فضہ‘ کا تذکرہ پاکستانی ٹائم لائنز پر غالب رہا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان میں جمعرات کو سوشل ٹائم لائنز پر شزا اور فضہ کا تذکرہ ہوا تو بہت سے افراد کے لیے یہ اچنبھے کی بات تھی کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔
پاکستانی ڈراموں میں دلچسپی رکھنے والوں کو شزا اور فضہ کے قصے کا کچھ اندازہ تو تھا لیکن سوشل نیٹ ورکس پر ہونے والی گفتگو کے مطابق ان میں سے بھی بہت کم اصل معاملے سے واقف تھے۔
نجی انٹرٹینمنٹ چینل اے پلس کی پیش کردہ ڈرامہ سیریز 'حقیقت‘ میں دو جڑواں بہنوں کی کہانی بیان کی گئی تھی جو جڑواں ہونے کی وجہ سے زندگی کے مختلف مراحل پر اونچ نیچ کا شکار ہوتے ہوتے شادی کے موقع پر بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکیں۔
معاملے سے ناواقف افراد نے پس منظر جاننا چاہا تو کچھ صارفین نے ڈرامے میں بیان کردہ کہانی اپنے لفظوں میں دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کی۔

تبصروں کے دوران کسی کو کہانی میں بیان کردہ بات سمجھ نہ آئی تو سوال کر کے دوسروں سے تفصیل جاننے کے خواہش مند دکھائی دیے۔

ڈرامے کی کہانی اور کرداروں پر تبصروں کے دوران ٹویپس نے ’پھپھو کی چالاکیوں‘ کو شزا اور فضہ کو درپیش صورت حال کی وجہ قرار دیا تو کچھ اس معاملے کے پیش کردہ حل پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے تئیں اس پر تبصرے کرتے رہے۔

بے نظیر شاہ نے ٹوئٹر پر ان کرداروں کے تزکرے کو اپنی ٹویٹ کا موضوع بنایا تو اسے آج کی عمدہ سرگرمی قرار دیا۔

ڈرامے کی کہانی پر میمز کا سلسلہ چلا تو مختلف کیریکٹرز کی تصاویر کے ذریعے ٹویپس صورت حال کی وضاحت کرتے دکھائی دیے۔

پاکستانی ٹائم لائنز پر زیربحث موضوعات میں نمایاں رہنے والے ’شزا اور فضہ‘ کے تذکرے نے جہاں بہت سے افراد کو مزاح کے رنگ بکھیرنے کا موقع دیا وہیں کئی ڈرامے کی کہانی کو اپنی گفتگو کا موضوع بنائے رہے۔

شیئر: