القصیم کے 'کلیجہ فیسٹیول' کی خاص سوغات سے مہمانوں کی تواضع
القصیم کے 'کلیجہ فیسٹیول' کی خاص سوغات سے مہمانوں کی تواضع
پیر 7 فروری 2022 16:27
تقریباً 500 سال قبل یہ خاص قسم کی سوغات عراق میں متعارف ہوئی۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی القصیم ریجن میں سردیوں کے موسم میں کافی کے ساتھ پیش کی جانے والے کوکیز جو اس علاقے میں خاص طریقے سے تیار کئے جاتے ہیں، ' کلیجہ' کے نام سے معروف یہ خستہ بسکٹ مملکت کی پسندیدہ مٹھائیوں میں شامل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس خاص قسم کے میٹھے بسکٹ میں کھجور اور دارچینی کا سفوف بھرا جاتا ہے اور شہد کے علاوہ گڑکے شیرے کے ساتھ بھی اس کی مٹھاس کو دوبالا کیا جاتا ہے۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً 500 سال قبل سعودی ثقافت اور میٹھے کھانوں میں لازمی حصے کے طور پر جانی جانے والی یہ سوغات پہلےعراق میں متعارف ہوئی۔
القصیم کے علاقے میں اس خاص نوعیت کے بسکٹ کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ 2009 سے ہر سال قصیم کے شہر بریدہ میں ' کلیجہ فیسٹیول' منعقد کیا جاتا ہے۔
اس سال منعقد کئے جانے والے 13ویں سالانہ کلیجہ فیسٹیول کا آغاز 26 جنوری سے کیا گیا جو 10دن کے لیے تھا تاہم اس کی مقبولیت کی وجہ سے قصیم کے گورنر شہزادہ فیصل بن مشعل نے فیسٹیول میں 8 فروری تک توسیع کر دی۔
مقامی خواتین اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ گھر میں تیار کردہ تازہ اور خستہ کوکیز ' کلیجہ' اور دیگر اشیائے خوردونوش کی فروخت کے لیے اس فیسٹیول میں سٹالز لگاتی ہیں۔
یونیسکو نے نومبر2021 میں بریدہ شہر کو خاص مقام کی حیثیت دیتے ہوئے اپنے تخلیقی شہروں کی لسٹ میں بھی شامل کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر قصیم کے گورنر نے کہا ہے کہ فیسٹیول میں آنے والے مقامی اور بین الاقوامی مہمانوں کو بریدہ کی یہ خاص سوغات پیش کرنے اور اس کی پذیرائی کا خاص موقع ہے۔
القصیم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام کلیجہ میلے کا مقصد مقامی لوگوں اور ان کے خاندان کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے کے علاوہ ان کی تیار کردہ مصنوعات کی مارکیٹنگ میں مدد کرنا ہے۔
اس سال فیسٹیول کے ابتدائی پانچ دنوں میں ایک ملین ریال کی ریکارڈ اور متاثر کن فروخت ہوئی ہے جب کہ گذشتہ سال اس میلے کی آمدنی تقریبا سات ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔
فیسٹیول میں دیگر کئی سرگرمیاں اور پروگرام بھی پیش کیے گئے ہیں جن میں علاقائی ثقافتی شو شامل تھے۔
قصیم میں لگائے گئے اس خصوصی فیسٹیول میں رواں سال تقریبا 300علاقائی خاندانوں نے بھرپور طریقے سے شمولیت اختیار کی ہے۔
مقامی افراد نے کلیجہ بسکٹ کی تیاری کے تمام مراحل میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے، میلے میں آئے ہوئے مہمان اس روایتی میٹھے کی تیاری اور ذائقے سے لطف اندوز ہوئے۔
خاص قسم کے کلیجہ خستہ بسکٹ کی تیاری میں گندم کے آٹے کے علاوہ کھجور، شہد، گھی، زیتون کا تیل، چینی یا کھجور کا گڑ، زعفران، ادرک پاؤڈر، الائچی اور دار چینی شامل کی جاتی ہے۔