سعودی عرب اور برطانیہ ثقافتی تعاون کو فروغ دیں گے، مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سعودی عرب اور برطانیہ ثقافتی تعاون کو فروغ دیں گے، مفاہمتی یادداشت پر دستخط
پیر 7 فروری 2022 19:48
دونوں ملک ثقافت کے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان اور برطانیہ و شمالی آئرلینڈ کی وزیر ثقافت واطلاعات نادین دوریز نے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور برطانیہ مفاہمتی یادداشت کے بموجب ثقافت کے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
عجائب گھروں، تاریخی ورثے، فلموں، تھیٹر، اداکاری کے آرٹ، موسیقی، شعر و ادب، نشرواشاعت، ترجمہ، بصری آرٹ، فن تعمیر اور لائبریریوں کے امور میں ثقافتی تبادلہ اور ایک دوسرے سے تعاون کیا جائے گا۔
دونوں ملک مشترکہ سٹراٹیجک منصوبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجربات شیئر کریں گے۔ ثقافتی امور سے متعلق پالیسیوں اور قوانین و ضوابط کے بارے میں یکجہتی پیدا کریں گے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ہر طرح کے سعودی ورثے کے تحفظ میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ دونوں ملکوں میں ثقافتی اداروں کے درمیان ربط و ضبط بڑھایا جائے گا۔
ثقافتی فیسٹول میں دونوں ملک بھر پورحصہ لیں گے۔ سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان آرٹ پروگرام ہوں گے۔ دونوں ملکوں کے ماہرین اور سرکاری وفود دورے کریں گے اور مشترکہ سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔
سعودی وزیر ثقافت نے برطانوی ہم منصب کو الدرعیہ پینالی کا دورہ کرایا جہاں 60 سے زیادہ سعودی اور مختلف ملکوں کے آرٹسٹ اپنے شاہکار پیش کررہے ہیں۔