موسیقی کی دنیا کا گریمی ایوارڈ ونر بینڈ کولڈ پلے ایکسپو 2020 دبئی میں 15فروری کو اپنی پرفارمنس دکھانے کے لیے تیار ہے۔
عرب نیوز کے مطابق برطانوی میوزک بینڈ کولڈ پلے دبئی ایکسپو2020 کے پروگرام برائے پیپل اینڈ پلانیٹ کو سپورٹ کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔

اس میوزک گروپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک بینڈ کے طور پر ہم ہمیشہ اپنی ہر پرفارمنس میں یکجہتی اور پائیداری برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ دبئی میں جاری ایکسپو2020 میں ہونے والی خصوصی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
کولڈ پلے الوصل پلازہ میں 15 فروری کی رات 9:00 بجے اپنی پرفارمنس دکھائے گا۔ موسیقی کے دلدادہ افراد کو ایونٹ کے لیے آن لائن ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس میوزک کنسرٹ کو ایکسپو2020 کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عالمی سطح پر لائیو سٹریم کیا جائے گا۔

بینڈ نے مزید کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے ساتھ شراکت داری کرنا ہمارا خواب ہے تاکہ ہمارے پورے شو کو مقامی قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے تقویت ملے۔
کولڈ پلے بینڈ کے سٹیج پر معروف فنکاروں کی ایک طویل لائن ہے جس میں عالمی اورعرب سپرسٹارز کی پرفارمنس شامل ہے۔