Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا انگلیوں سے نکلنے والی چمک کی وجہ کوئی ’جن‘ ہے؟

یہ چمک پہاڑوں کی چوٹیوں یا درختوں پر بھی دیکھنے کو ملتی ہے(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں انگلیوں سے نکلنے والی پراسرار چمک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ کچھ اس چمک کی وجہ ’جن‘ کو قرار دے رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق القصیم یونیورسٹی میں موسمیات کے پروفیسر ڈاکٹرعبداللہ المسند نے واضح کیا ہے کہ ’بعض صارفین کا یہ خیال ہے کہ انگلیوں سے نکلنے والی چمک کسی ’جن‘ کی وجہ سے ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔‘
پروفیسر ڈاکٹرعبداللہ المسند نے ٹویٹ کیا کہ ’اگر آپ جنگل میں ہوں اور آسمان پر گرج چمک ہو رہی ہو تو ایسی صورت میں انگلیوں کے درمیان سے کوئی چمک نظر آئے جیسا کہ سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں نظر دکھائی دیا ہے یا  آپ کے سر کے بال اوپر کی طرف اٹھ رہے ہوں تو سمجھ لیں کہ آپ پر خطر مقام پر ہیں۔ فوراً اپنی گھڑی اتار دیں اور موبائل، چابی سمیت دیگر دھات کی چیزیں خود سے دور کرلیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وڈیو میں انگلیوں کے درمیان سے اٹھنے والی چمک فضائی غلاف میں آسمانی بجلی کا نتیجہ ہے۔ یہ کبھی کبھار گرج چمک کے آخر میں پیدا ہوتی ہے۔ اس قسم کے مناظر کبھی کبھار دیکھنے کو ملتے ہیں۔‘
المسند کا کہنا ہے کہ ’بعض لوگوں کو یہ چمک پہاڑوں کی چوٹیوں یا درختوں پر بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ کبھی یہ تاریکی کے دوران ایک جگہ سے دوسری جگہ کی جانب منتقل ہوتی بھی دکھائی دیتی ہے جسے سادہ لوح افراد ’جن‘ سمجھ بیٹھتے ہیں۔‘

شیئر: