Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شادی کی مبارکباد‘ دینے پر عامر لیاقت وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار

عامر لیاقت نے تیسری شادی کا اعلان جمعرات کو کیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری ’شادی پر مبارکباد دینے‘ پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
جمعرات کی شام ایک ٹویٹ کے ذریعے عامر لیاقت حسین نے اطلاع دی کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے فون کر کے شادی کی مبارکباد دی ہے۔
عامر لیاقت نے اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کو بھی مینشن کیا تاہم پبلک کے لیے ریپلائز کا آپشن بند رکھا۔

کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین نے جمعرات کو ہی اعلان کیا تھا کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کے ضلع لودھراں سے تعلق رکھنے والی سیدہ دانیہ شاہ سے شادی کر لی ہے۔
شادی سے متعلق اطلاع میں انہوں نے اپنی اہلیہ کا پس منظر بتاتے ہوئے اپنے خیرخواہوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

عامر لیاقت حسین کی جانب سے اپنی شادی کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ان کی سابقہ اہلیہ سیدہ طوبی انور نے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اپنے مختصر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد کسی بہتری کی امید باقی نہیں بچی ہے۔

طوبی انور کی جانب سے خلع اور عامر لیاقت کی جانب سے تیسری شادی کی اطلاع کچھ وقفے سے سامنے آئی تو یہ سوشل میڈیا کے تینوں بڑے پلیٹ فارمز فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر جاری گفتگو کا اہم موضوع بنا رہا۔
عامر لیاقت اور دانیہ شاہ کے نام کئی گھنٹے تک ٹوئٹر کی ٹرینڈز لسٹ میں سرفہرست رہے۔
جمعرات کو ہی عامر لیاقت نے اہلیہ دانیہ شاہ کے ہمراہ اپنی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ نکاح کے بعد جنوبی پنجاب سے کراچی روانہ ہو چکے ہیں۔ْ

شیئر: