’حوثیوں کا حملہ مجرمانہ عمل‘ او آئی سی کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی
حوثی مملکت کی سول تنصیبات پر مسلسل حملے کر رہے ہیں( فائل فوٹو اے ایف پی)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور رابطہ عالمی اسلامی نے سعودی علاقوں پر حوثیوں کے جارحانہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے بیان میں کہا کہ’ ابہا ایئرپورٹ پر حوثیوں کا حالیہ حملہ مجرمانہ عمل ہے‘۔
’حوثی مملکت کی سول تنصیبات اور اس کے شہری مقامات پر مسلسل حملے کرکے بین الاقوامی قوانین اور روایات کی خلاف ورزی کررہے ہیں‘۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ ’اسلامی تعاون تنظیم سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے اور یہ بات ریکارڈ پر لانا ضروری سمجھتی ہے کہ مملکت اپنی سرحدوں اور امن و امان کے تحفظ کے لیے جو اقدامات کرے گی او آئی سی ساتھ ہوگی‘۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی جو مجلس علما مسلمین کے سربراہ اعلی بھی ہیں، نے کہا کہ’ حوثی دہشت گردانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھ کر بربریت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کے سراسر منافی ہیں‘۔
ڈاکٹر محمدالعیسی نے رابطہ عالم اسلامی، اس کے اداروں اور تنظیموں کی جانب سے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
کویتی دفتر خارجہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مملکت اور خطے کا امن سبوتاژ ہورہا ہے‘۔
’عالمی برادری ان مجرمانہ و دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حوثیوں کو سبق سکھائے اور ان کا احتساب کرے‘۔
کویت نے مملکت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اپنے امن و استحکام کے تحفظ کے لیے جو اقدامات کرے گا کویت اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔