Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل:اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 وکٹوں سے کامیاب

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن نسبتا بہتر ہے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون (پی ایس ایل 7) کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے پانچ وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کر لی۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹیں کھو کر 199 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیسویں اوور کی چوتھی گیند پر ہدف حاصل کیا تو ابھی ان کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن روئے اور احسن علی نے کیا۔
جیسن روئے نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 27 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے مدد سے 54 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔
احسن علی 23 گیندیں کھیلنے کے بعد ڈاسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو وہ 30 رنز بنا چکے تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب جیمز وینس 22 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی وکٹ بنے۔
پانچ گیندوں پر چار رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کو بھی شاداب خان نے آؤٹ کیا۔
دو برس کے بعد کرکٹ کے میدان میں واپس آنے کے بعد عمر اکمل نے پی ایس ایل کا پہلا میچ کھیلا تو اولین گیند پر ہی چھکا لگا کر اپنے جارحانہ عزائم کا اظہار کیا۔ آٹھ گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد عمر اکمل آؤٹ ہوئے تو ہدف سے خاصی دور موجود گلیڈی ایٹرز کو جیت کے قریب پہنچا گئے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

اسلام آباد یونائیٹد کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر رحمان اللہ گرباز دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
شاہد خان آفریدی کی گیند پر کپتان شاداب خان 12 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور گیارہویں اوور میں 100 ہو چکا تھا۔
شاداب خان کے آؤٹ ہونے پر آصف علی کھیلنے کے لیے وکٹ پر آئے۔ گیارہویں اوور میں ایلکس ہیلز نے رن بنانے کی کوشش کی مگر نان سٹرائکر اینڈ پر موجود بلے باز اپنی جگہ کھڑے رہے، اس دوران فیلڈر نے گیند وکٹ کیپر سرفراز احمد کو تھماد دی جنہوں نے ہیلز کو رن آؤٹ کر دیا۔
انہوں نے 38 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
محمد اخلاق وکٹ پر پہنچے لیکن شاہد خان آفریدی کی گیند کو درست طور پر نہ سمجھ سکے اور پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
یونائیٹڈ کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب شاہد آفریدی کا تھرو وکٹ پر ڈائریکٹ لگنے کے بعد اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آصف علی بھی چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کی آخری اوور میں لیام فلکنر 13 رنز اور فہیم اشرف 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسن علی بغیر کون سکور کیے اور وسیم جونیئر دو گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شاہد خان آفریدی اور جیمز فلکنر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ نسیم شاہ اور نوراحمد کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ اس لیے اہم ہے کہ اسلام آباد یونائیٹد نے جہاں پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنی ہے وہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹورنامنٹ میں موجود رہنے کے لیے جیتنا ضروری ہے۔
پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے میچوں کے بعد ملتان سلطانز واحد ٹیم ہے جو ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکی ہے۔ فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے باقی ٹیموں کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔
آج کے میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے  پی ایس ایل سیون میں پانچ میچ کھیلے، تین میں کامیابی اور دو میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے دو میں کامیابی حاصل کی جب کہ اسے تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر ہیں۔

شیئر: