Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا بندشیں شاہد آفریدی اور بیٹی کی ملاقات میں حائل ہوگئیں‘

شاہد آفریدی کی پانچ بیٹیاں ہیں اور وہ ان سے اپنی محبت کا اظہار اکثر سوشل میڈیا پر کرتے ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب))
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی لاہور میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک ہی ہوٹل میں موجود ہیں، تاہم پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے لیے بنائے گئے کورونا وائرس پوٹوکولز کے باعث شاہد آفریدی اپنے اہل خانہ سے نہیں مل سکتے۔
سنیچر کو شاہد آفریدی جو پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیل رہے ہیں، نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک ہوٹل کے سوئمنگ پول کے قریب بیٹھے ہیں جبکہ اُن کی سب سے چھوٹی بیٹی ہوٹل کے کمرے کی کھڑکی سے انہیں دیکھ رہی ہیں۔
شاہد آفریدی نے بیٹی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے چھوٹی بیٹی کی یاد آ رہی ہے جو اسی ہوٹل میں موجود ہے لیکن کورونا وائرس پروٹوکولز کے باعث میں ان سے نہیں مل سکتا۔‘
شاہد آفریدی نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’شہزادی، میں آپ سے جلد ملوں گا۔
شاہد آفریدی کی جانب سے بیٹی کی ویڈیو شیئر کی گئی تو کچھ سوشل میڈیا صارفین نے باپ اور بیٹی کے خوبصورت رشتے پر تبصرے کیے تو کسی نے وبا کے جلد ختم ہونے کی دعائیں کیں۔
سوشل میڈیا صارف ارسلان صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’کورونا کی پابندیاں باپ بیٹی کی ملاقات میں حائل ہوگئیں۔‘

ٹوئٹر یوزر امان منصور نے شاہد آفریدی کی ٹویٹ کی گئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایک خوبصورت ٹویٹ ہے، میں امید کرتا ہوں ہم اس خوفناک وبا سے جلد باہر آئیں گے اور ہمیں اس طرح کی بائیو ببلز کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

محمد وقاص بٹ کا کہنا ہے کہ ’لوگوں کو لگتا ہے کہ کھلاڑیوں کی زندگی مکمل اور بہت اچھی ہو گی لیکن یہ صرف والدین جانتے ہیں کہ لالہ کس وقت سے گزر رہے ہیں۔

شاہد آفریدی کی پانچ بیٹیاں ہیں اور وہ ان سے اپنی محبت کا اظہار اکثر سوشل میڈیا پر کرتے رہتے ہیں۔

شیئر: