Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سی پیک سست روی کا شکار نہیں، متعدد منصوبوں پر کام جاری‘

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورہ چین نے سی پیک پر تعطل کے تاثر کو دور کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ چین اہمیت کا حامل تھا اور چین کے دورے کے موقعے پر صدر شی جن پنگ سے دو طرفہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے وزرا کے ساتھ سابق سفرا اور تھنک ٹینک کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری معیشت درست سمت میں ہے اور چین کی قیادت نے اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورہ چین نے سی پیک پر تعطل کے تاثر کو دور کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’ایک تاثر ابھر رہا تھا کہ سی پیک تعطل کا شکار ہوا اور گرمجوشی نہیں رہی تو اس تاثر کو دور کرنا ضروری تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چین جانے سے پہلے ٹھوس فیصلے کیے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال کے وقفے کے بعد چین کی قیادت سے پاکستانی حکام کی بات ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پیک سست روی کے شکار کے سوال پر کہا کہ سی پیک سست روی کا شکار نہیں ہوا۔
انہوں نے گذشتہ تین سالوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے منصوبے آگے بڑھے ہیں۔
’سی پیک اس لیے سست روی کا شکار نہیں ہوا کہ ورکنگ گروپ پہلے سات تھے اب 11 ہیں۔ 2018 تک دس منصوبے ہوئے تھے اب ساڑھے تین سل میں نو ہو گئے ہیں۔ 2018 تک دو منصوبے مکمل ہوئے تھے اب ساڑھے تین سال میں سات مکمل ہو گئے تھے۔ 2018 تک 415 کلومیٹر تک سڑکی کی تعمیر ہوئی اور اب ان تین سالوں میں 453 کلومیٹر سڑکوں کے منصوبے مکمل ہوئے۔‘
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں نئے منصوبوں کا آغاز بھی ہوا ہے۔

شیئر: