محبت کے عالمی دن پر 660 سے زیادہ جوڑوں کی اجتماعی شادی
اس تقریب میں شہر کی انتظامیہ اور شادی کرنے والے جوڑوں کے خاندانوں نے بھی شرکت کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
میکسیکو میں ویلینٹائنز ڈے کے موقعے پر 660 سے زیادہ جوڑوں کی اجتماعی شادی ہوئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 74 برس کے فرانسسکو کالوو اور روسالبہ سلوا کی بھی شادی ہوئی ہے، اس جوڑے کی ملاقات پانچ برس قبل ہوئی تھی۔
سلوہ بیوہ تھیں اور انہوں نے نہیں سوچا تھا کہ وہ پھر سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے نہیں سوچا تھا کہ میرے پاس ایک اور موقع ہوگا۔‘
اس تقریب میں شہر کی انتظامیہ اور شادی کرنے والے جوڑوں کے خاندانوں نے بھی شرکت کی تھی۔
جوناتھن گارشیا کے لیے اجتماعی شادی کی تقریب ایک خاندانی روایت ہی ہے۔
40 برس کے جوناتھن گارشیا نے کہا کہ ’اجتماعی شادی کی ایک تقریب میں میری دو بہنوں کی شادی ہوئی تھی اور ہم نے دیکھا کہ وہ خوش ہیں تو ہم نے سوچا کہ اس روایت کو جاری رکھا جائے۔‘
میکسیکو کے کونسل دفتر کی ایک افسر ماریہ ڈیرنکا رینڈن نے کہا کہ اجتماعی شادی کی تقریب میں 661 خاندانوں کو ایک مقام پر جمع کرنا ایک چیلنج تھا۔
لیکن ان کا کہنا تھا کہ شادی شدہ جوڑوں، ان کے خاندانوں اور ہمارے لیے اس تقریب کا انعقاد ایک اہم موقع تھا۔