Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین کٹنگ بمقابلہ سہیل تنویر، ’ہماری زندگی کا ایک ہی مقصد ہے بدلہ‘

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ مقابلہ چار سال پہلے شروع ہوا تھا۔ (تصویر: ٹوئٹر)
منگل کی رات پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر فی الحال چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے اور حریف ٹیم کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔
لیکن میچ میں ہار جیت سے زیادہ جو بات سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے وہ ہے گلیڈی ایٹرز کے بولر سہیل تنویر اور بین کٹنگ کے درمیان ہونے والا مقابلہ۔
لیکن یہ مقابلہ پی ایس ایل میں نہیں شروع ہوا۔ یہ کہانی شروع ہوئی تھی 2018 کی کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں جہاں سہیل تنویر ’گیانا ایمیزون واریئرز‘ کی نمائندگی کررہے تھے اور بین کٹنگ ان کی حریف ٹیم میں کھیل رہے تھے۔
اس میچ کے 17ویں اوور میں بین کٹنگ نے سہیل تنویر کو زور دار چھکا لگایا لیکن اگلے ہی گیند پر انہی کی ایک یارکر پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد سہیل تنویر نے انہیں انگلیاں دکھا کر نازیبا اشارے کیے۔
ایسا کرنے پر سہیل تنویر کو اس وقت میچ ریفری کی جانب سے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لیکن کرکٹ کی دنیا کی یہ دشمنی وہیں ختم نہیں ہوئی۔ منگل کی رات کو یہ دونوں کھلاڑی پی ایس ایل کے میچ میں پھر آمنے سامنے آگئے۔
میچ کا 19واں اوور تھا اور سہیل تنویر کے سامنے بین کٹنگ تھے۔ بین کٹنگ نے سہیل تنویل کو چار چھکے مارے اور ان کے ایک اوور میں 27 رنز بناکر سہیل تنویر کو انگلیوں سے وہی نازیبا اشارے کیے جو چار سال قبل سہیل تنویر نے انہیں کیے تھے۔
اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرماگرمی بڑھی تو امپائر کو حالات قابو کرنے کے لیے بیچ میں آنا پڑا۔
لیکن اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر بین کٹنگ نے چھکا مارنا چاہا تو گیند ہوا میں بلند ہوئی اور سیدھی سہیل تنویر کے ہاتھوں میں آگئی۔ کیچ لینے کے بعد سہیل تنویر نے پویلین واپس لوٹتے ہوئے بین کٹنگ کو پھر انگلیوں سے نازیبا اشارے کیے۔
گراؤنڈ میں ہونے والی مڈبھیڑ کو سوشل میڈیا صارفین خوب انجوائے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
میری راجپوت نامی صارف نے میم کے ذریعے فرضی کہانی گھڑ دی کہ کیسے بین کٹنگ سہیل تنویر سے بدلہ لینے کے حوالے سے گفتگو اپنی اہلیہ ایرن ہالینڈ سے کیا کرتے تھے۔
میم پر لکھا تھا ’ہماری زندگی کا ایک ہی مقصد ہے: بدلہ۔‘
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ شاید یہ سہیل تنویر کے کیریئر کا آخری پی ایس ایل میچ ثابت ہوگا۔
نازیبا اشاروں پر بات چلی تو حمزہ نامی صارف کو بالی وڈ کی فلم ’ویلکم‘ یاد آگئی جس میں نانا پاٹیکر اکشے کمار کی موجودگی میں انیل کپور کو کہہ رہے ہیں کہ ’یہ کیسے اشارے کررہا تھا؟ یہ کیا مطلب ہے اس کا؟‘
حامد نامی صارف نے میم کے ذریعے یہ کہنے کی کوشش کی کہ یہ مقابلہ سہیل تنویر جیتے ہیں کیونکہ ایک اوور میں 27 رنز کھانے کے بعد انہوں نے پھر بین کٹنگ کا کیچ پکڑا اور حساب چکتا کردیا۔

دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد
میچ ریفری علی نقوی کی جانب سے بین کٹنگ اور سہیل تنویر پر پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 15، 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق دونوں کھلاڑی میچ کے دوران  نامناسب اشارہ کرنے پرپی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.6کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
میچ ریفری علی نقوی کا کہنا ہے کہ اس  قسم کے نامناسب اشاروں کی کھیل میں کوئی جگہ نہیں ہے اور تمام کھلاڑیوں  کو اپنی آن اور آف دا فیلڈ ذمہ داریوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
میچ ریفری کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ تمام کھلاڑی نئی نسل کے لیے رول ماڈل ہیں اور ان رویہ سے نوجوان نسل کو غلط پیغام جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوران بہترین میچز جاری ہیں تاہم اس دوران کھلاڑیوں کو اسپرٹ آف کرکٹ کا مکمل خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔‘
بین کٹنگ اور سہیل تنویر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری علی نقوی کی جانب سے عائد جرمانے کو قبول کیا ہے۔

شیئر: