Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معافی ورنہ قانونی کارروائی،شجاع کو دھمکی

راشد خان کا کہنا ہے کہ ’گانے کا میوزک اور بول بالکل مختلف ہیں (فوٹو انڈیا ٹو ڈے)
پاکستانی موسیقار شجاع حیدر نے انڈین میوزک کمپوزر راشد خان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ان کے گانے ’پیا رے، پیا رے‘ کی نقل کی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شجاع حیدر نے کہا کہ انہیں کریڈٹ دیے بغیر گانے کی دھن اور بول کی کاپی کی گئی۔
دوسری جانب راشد خان کا کہنا ہے کہ ’گانے کا میوزک اور بول بالکل مختلف ہیں۔ گانے کے گلوکار یاسر ڈیسائی، پاکستانی گلوکار عمران عباس اور میرے گرو بھی کہتے ہیں کہ دونوں گانوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں تو جانتا بھی نہیں کہ وہ (شجاع) کون ہے۔ میں نے اس سے پہلے کبھی ان کا گانا نہیں سنا تو پھر میں اس کی نقل کیسے کر سکتا تھا۔ اگر میری کمپوزیشن کے چار جملے بھی ملتے ہوں تو میں یہ کام چھوڑ دوں گا۔‘
راشد خان نے کہا کہ ’میں نے 22 فلموں کا میوزک ترتیب دیا ہے اور میری ساکھ بھی ہے۔ ہر گانا سات سروں سے بنتا ہے اور اس میں سے ایک سر مل گیا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ گانا ان کا ہو گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر شجاع حیدر نے معافی نہ مانگی تو وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔
’وہ میری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کبھی کسی نے مجھ پر چوری اور نقل کا الزام نہیں لگایا اور یہ دعویٰ میری برسوں کی تربیت اور تجربے کی توہین کے مترادف ہے۔‘

شیئر: