Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں رائج قوانین سے کسی کو پریشانی نہیں ہوگی،میجر جنرل سلیمان الیحیی

ریاض ( نیوز ڈیسک ) ڈائریکٹر جنرل جوازات میجر جنرل سلیمان الیحیی نے ٹی وی انٹرویو کے دوران یمنی خاتون کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ مملکت میں انسانیت کی بنیاد پر معاملات کئے جاتے ہیں ۔ یمنی ہمارے بھائی ہیں اور انکی ہر ممکن مدد کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق یمنی ٹی وی چینل پر سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان الیحیی کے لائیو انٹرویو کے دوران ایک یمنی خاتون نے سوال کیا کہ وہ کافی عرصہ سے مملکت میں مقیم ہے مگر اس کا قیام غیر قانونی ہو گیا ہے ۔ یمن میں جاری جنگ کی وجہ سے وہ اپنے وطن بھی نہیں جاسکتی ۔ انٹرویو کے دوران خاتون کی آواز بھرا گئی اس نے روتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے اسے جو عارضی اقامتی پرمٹ ملا تھا اس کی میعادختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اس کاقیام غیر قانونی مقیمین میں شمار ہو رہا ہے ۔ خاتون نے ڈائریکٹر جنرل سے سوال کیا کہ وہ حالیہ مہلت سے استفادہ کس طرح کر سکتی ہے کیونکہ مہلت صرف اپنے ملک جانے کیلئے دی جا رہی ہے جبکہ ہماراوطن تو جنگ کے شعلوں میں لپٹا ہو ا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل جوازات سلیمان الیحیی نے خاتون کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ فکر نہ کریں ہر مسئلے کا حل ہو تا ہے اور ہم کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔ آپکا مسئلہ بھی ضرور حل ہو گا ۔ یمنی ہمارے بھائی ہیں اور وہ جن حالات سے گزر رہے ہیں ایسے میں انکی مدد کرنا ہمارا فرض ہے ۔ مملکت میں رائج قانون سے کسی کو کوئی تکلیف نہیں ہو گی ۔ میجر جنرل نے انٹرویو میں مملکت میں مقیم تارکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس کو بھی مشکلات کا سامنا ہے وہ اپنی پریشانی سے متعلقہ اداروں کو مطلع کرے جس کا مناسب حل نکالا جائے گا۔ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جوازات کے پیچ پر استفسارات بھیجے جاسکتے ہیں ۔

شیئر: