بوسٹر ڈوز لینے کے بعد مدافعتی نظام کب تک موثر؟
اتوار 20 فروری 2022 18:18
اس حوالے سے ابھی تک مکمل طبی ریسرچ سامنے نہیں آئی ہے( فائل فوٹو اے پی)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ بوسٹر ڈوز سے کتنی مدت کے لیے مدافعتی نظام حاصل ہوتا ہے اس حوالے سے ابھی تک مکمل طبی ریسرچ ریکارڈ پر نہیں آئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ’ بوسٹر ڈوز کا فیصلہ عالمی سطح پر ماہرین، سائنسدانوں اور ڈاکٹروں کے مطالعات و خیالات کی بنیاد پر کیا گیا ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کو کورونا وائرس اور ویکسین کی تازہ صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’سعودی ماہرین نے بین الاقوامی سائنسدانوں کے تعاون و شرکت سے جو فیصلہ کیا ہے اس پر بھروسہ ہے۔ بوسٹر ڈوز کا مقصد مدافعتی نظام کا دورانیہ انتہائی حد تک بڑھانا ہے‘۔
ڈاکٹرمحمد العبد العالی نے کہا کہ بوسٹر ڈوز کے حوالے سے یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ چند ماہ بعد اثرات کمزور ہونے لگتے ہیں۔ یہ بات ریکارڈ پر لانا ضروری ہے کہ بوسٹر ڈوز وبا کے موجودہ مرحلے کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ابھی تک اس کی انتہائی مدت کے بارے میں کوئی مکمل مطالعہ یا تحقیق سامنے نہیں آئی جب بھی کوئی جائزہ سامنے آئے گی تو رائے عامہ کو اس حوالے سے مطلع کیا جائے گا‘۔