کورونا کے نئے کسیز میں مسلسل کمی، الٹی گنتی شروع ہوگئی: وزارت صحت
نازک کیسز بھی ایک ہفتے پہلے کے مقابلے میں کم ہوئے ہیں( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’مدافعتی نظام کا آغاز ویکسین کی تیسری ڈوز کے چند روز بعد ہوتا ہے اور دو ہفتے بعد مدافعتی نظام نقطہ عروج کو پہنچ جاتا ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتوار کو پریس کانفرنس میں ڈاکٹر العبد العالی نے کہا کہ ’ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز 400 ملین تک پہنچ گئی ہے تاہم مملکت میں نئے کیسز میں کمی ہورہی ہے۔ دو ہفتے قبل نئے کیسزانتہائی حد کو پہنچ گئے تھے مگر اب مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’ کورونا وائرس سے متاثر ممالک حفاظتی تدابیر پر زور دے رہے ہیں اور ویکسین مہم چلا کر مدافعتی نظام مضبوط بنا رہے ہیں‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’سعودی عرب میں وائرس کے کیسز کم ہوگئے تھے پھر بڑھنا شروع ہوئے۔ اس کے بعد کبھی کم اور زیادہ ہوئے اوراب ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ، یہ مثبت تبدیلی ہے۔
ڈاکٹرمحمد العبد العالی نے کہا کہ کیسز میں کمی ویکسین کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے ہورہی ہے۔ نازک کیسز ایک ہفتے پہلے کے مقابلے میں کم ہونے لگے۔عام کیسز بھی کم ہورہے ہیں‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’مملکت میں کورونا ویکسین کی 58 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ دو خوراک لینے والوں کی تعداد 23.7 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ ویکسین کے اثرات معاشرے کو وبا کے اثرات سے بچانے میں نظر آنے لگے ہیں‘۔