پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سُپر اوور میں شکست دے دی
پیر 21 فروری 2022 16:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پی ایس ایل سیون میں لاہور قلندرز چھ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سُپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 30 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی ۔
سوموار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سپُر اوور میں شکست دے دی۔
سُپر اوور میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چھ رنز کا ہدف دیا۔ چھ رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے شعیب ملک نے دو گیندوں پر مسلسل دو چوکے لگائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا ہدف با آسانی پورا کر لیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان صفر جبکہ ہیری بروک دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کامران غلام 25 رنز بنا کر ارشد اقبال کی گیند پر محمد حارث کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ فِل سالٹ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے کامران اکمل 18 اور حضرت اللہ ززئی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد حارث چھ رنز بنا کر حارث رؤوف کی گیند پر فواد احمد کے ہاتھوں کی آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض ایک رن اور شعیب ملک 32 رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
عماد بٹ نو رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ حسین طلعت 17 اور خالد عثمان 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے فواد احمد دو اور شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤوف اور ڈیوڈ ویزے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز نے ٹیم میں ایک جبکہ پشاور زلمی نے ٹیم میں پانچ کھلاڑیوں کو تبدیل کیا۔ لاہور قلندرز میں راشد خان کی جگہ فواد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل سیون میں لاہور قلندرز نے اب تک دس میچز کھیلے جن میں سے چھ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
لاہور قلندرز کے مقابلے میں پشاور زلمی نے بھی اب تک دس میچز کھیلے ہیں جن میں سے چھ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔