کراچی میں برطانیہ سے آئے شہری کو پولیس بن کر لُوٹ لیا گیا
بدھ 23 فروری 2022 19:48
زین علی -اردو نیوز، کراچی
دوران تلاشی ملزمان نے ایک ہزار پاونڈ حاصل کیے (فوٹو اے ایف پی)
کراچی میں برطانیہ سے آئے شہری کو پولیس بن کر ملزمان نے لوٹ لیا۔ کراچی ضلع جنوبی کے علاقے کلفٹن میں پاکستانی تاجر کے مہمان کی گاڑی کو چیکنگ کے نام پر روکا گیا۔
دوران تلاشی ملزمان نے ایک ہزار پاؤنڈ چھین لیے اور اپنے ہمراہ لے کر فرار ہوگئے۔ مقامی تاجر ارشد مرزا کی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
تاجر ارشد مرزا کا کہنا ہے کہ ’میرا داماد اور اس کا لندن کا دوست میری بھتیجی کی شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے، وہ کلفٹن پر منی چینجر سے ایک ہزار پاؤنڈ تبدیل کروانے گئے۔‘
ان کے مطابق ’سی ویو پر سفید کار میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے افراد نے ان کی گاڑی روکی اور ڈرائیور کو کہا گیا کہ آپ کی سپیشل چیکنگ ہوگی، گاڑی میں موجود دونوں افراد نے پولیس کیپ پہن رکھی تھی، تلاشی کے بہانے وہ منی چینجر سے تبدیل کرائی گئی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔‘
واقع کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ واقع کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو شخص پولیس کی کیپ پہنے گاڑی میں موجود ہیں جبکہ ان کے ہاتھ میں وائرلیس سیٹ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ماضی میں بھی مذکورہ گینگ کراچی کے شہریوں کو لوٹ چکا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات کا عمل شروع کردیا ہے۔