Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: واش رومز میں خفیہ کیمرے لگانے پر نجی سکول کی رجسٹریشن منسوخ

محکمہ تعلیم سندھ نے سکول انتظامیہ کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
کراچی کے نجی سکول کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کی رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے سکول کی رجسٹریشن منسوخ کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے انسپکشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ تین نومبر کو ریحانہ فیروز نامی خاتون کی جانب سے صفورہ گوٹھ میں قائم دا ہیریکس سکول کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی جس کے بعد محکمہ تعلیم کے عہدیداران نے مذکورہ سکول کا دورہ کیا۔
مراسلے کے مطابق ’سکول کے دورے کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کے واش رومز میں واش بیسن کے قریب دیوار میں سوراخ دار شیٹ کے پیچھے خفیہ کیمرے لگے ہونے کا انکشاف ہوا جس سے طلبا و طالبات اور سٹاف کے افراد کی ریکارڈنگ ممکن تھی۔‘
سکول انسپکشن ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ مذکورہ سکول انتظامیہ کو اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہیں چار نومبر کو ڈائریکٹر کے روبرو پیش ہو کر معاملے کی تفصیل بیان کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
تاہم سکول کی طرف سے کوئی پیش نہ ہوا جس کے بعد محکمہ تعلیم نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے تا حکم ثانی سکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل منصوب صدیقی کی جانب سے جاری آفس آرڈر میں بتایا گیا کہ صفورہ گوٹھ چیپل سن سٹی میں واقع دا ہیریکس سکول کی رجسٹریشن منسوخ کر کے مذکورہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

شیئر: