کھربوں ڈالر کی مارکیٹ ویلیو، سعودی آرامکو اپیل کمپنی کے قریب
جمعرات 24 فروری 2022 17:47
آرامکو نے مارکیٹ ویلیو میں مائیکروسافٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
سعودی آرامکو دو ہزار 240 ارب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی مالیتی کمپنی اپیل کے قریب پہنچنے والی ہے جس کی مالیت دو ہزار 600 ارب ڈالر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تیل کی بڑی کمپنی آرامکو کے شیئرز بہت تیزی سے بڑھے ہیں اور اس نے مائیکرو سافٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دوسری بڑی کمپنی کی حیثیت حاصل کی ہے۔
جمعرات کو سعودی وقت دن گیارہ بجے آرامکو کا ایک شیئر 42 ریال (11.2 ڈالر) تک پہنچ گیا۔ دنیا کی بڑی تیل کمپنی نے ساڑھے 15 ارب ڈالر تیل پائپ لائن کا معاہدہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر کی حد عبور کر گئی ہے۔
سنہ 2014 کے بعد تیل کی قیمتوں میں پہلی بار اتنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بدھ کو آرامکو اور بین الاقوامی سرمایہ کار کنسورشیم نے گیس پائپ لائن کے کامیاب معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اس کنسورشیم میں بلیک راک اور حسنا کمپنیاں شامل ہیں۔
اس معاہدے کے باعث آرامکو کی مارکیٹ ویلیو دو ہزار 200 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔