آرامکو کے چار فیصد حصص انویسٹمنٹ فنڈ کو منتقل کرنے کا فیصلہ
’آرامکو کے حصص کی مذکورہ شرح کی منتقلی سے ملکی معیشت میں بہتری ہوگی‘ ( فوٹو: واس)
ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے آرامکو کمپنی کے چار فیصد حصص سعودی انویسٹمنٹ فنڈ کو منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ بھی ہیں۔
ولی عہد نے کہا ہے کہ آرامکو کے حصص کی مذکورہ شرح کی منتقلی ملکی معیشت کی بہتری اور وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ہوگی۔
’حصص کے مذکورہ شرح کی منتقلی سے 2025 تک انویسٹمنٹ فنڈ کی مالیت کا حجم چار ٹریلین ریال تک ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’فنڈ اپنے طویل المیعاد اور درمیانے میعاد کے اہداف کی تکمیل کر رہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ 2025 تک مقامی طور پر فنڈ نئے منصوبوں پر کام کرے گا۔
ولی عہد نے کہا ہے کہ ’آرامکو کمپنی کے حصص میں حکومت کا ابھی تک حصہ 94 فیصد ہے‘۔