Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں اب ہوائی سفر کے دوران کھانے پر عائد پابندی ختم

یکم مارچ سے اندرون ملک پروازوں میں کھانے پینے پر پابندی ختم ہو جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اندرون ملک ہوائی سفر کے دوران کھانے پینے پر سے پابندی ہٹائی جا رہی ہے۔
جمعے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پابندی یکم مارچ سے ختم کی جا رہی ہے۔
پروازوں کے دوران کھانے پینے پر پابندی کورونا پروٹوکولز کا حصہ تھی اور اس کی وجہ وائرس کا پھیلاؤ روکنا تھا۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جہاز میں دوران سفر ماسک پہننے کی شرط برقرار ہے۔
خیال رہے کورونا کی بدلتی صورت حال کے حساب سے پاکستان میں بھی سفری پروٹوکولز میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے سفر کے حوالے سے کئی شرائط ختم کی جا چکی ہیں تاہم ابھی کچھ برقرار ہیں، جن کے بارے میں 24 فروری کو ترجمان سول ایوی ایشن سیف اللہ نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ پاکستان آنے والے وہ لوگ جنہوں نے ویکسین کی تمام خوراکیں لگوا لی ہیں، ان کے لیے 48 گھنٹے قبل ہونے والے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن کے مطابق دوران پرواز ماسک پہننے کی پابندی برقرار رہے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ ایسے مسافر جو مکمل ویکسینیٹڈ نہیں اور ان کی عمر 12 سال سے زیادہ ہو، ان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ پی سی آر کی نیگٹیو رپورٹ دکھائیں اور جو سفر کے وقت سے 72 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو۔
سیف اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان آنے والوں کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی شرط ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 12 سال سے کم عمر کے مسافروں کو مکمل ویکسینیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
تاہم 12 سے 18 سال تک کے مسافر 31 مارچ 2022 تک فل ویکسینیشن کے بغیر پاکستان آ سکیں گے۔

شیئر: