ہیتھرو ایئرپورٹ لندن سے برٹش ایئرویز کی تمام چھوٹی پروازیں منسُوخ
نیشنل سائبر سکیورٹی سنٹر کے مطابق پروازوں کی منسوخی کا تعلق کسی سائبر حملے سے نہیں ہے (فوٹو اے ایف پی)
برٹش ایئرویز نے تکنیکی خرابی کے باعث لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے چھوٹے سفر کےلیے تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برٹش ایئرویز نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں بہت افسوس ہے کہ مسلسل تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہم نے ہیتھرو سے تمام چھوٹے سفر کےلیے تمام پروازیں دوپہر تک بند کر دی ہیں۔‘
ہیتھرو ایئرپورٹ سے لمبے دورانیے کی تمام فلائٹس اپنے معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔
’ہماری ٹیمز نے رات بھر بہت محنت کی اور جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا کام جاری رہے گا۔‘
روس نے اپنی فضائی حدود سے تمام برطانوی پروازوں کو سفر سے روک دیا ہے۔ اس سے قبل برطانیہ نے روسی فلائٹس کو برطانیہ میں لینڈ کرنے سے روک دیا تھا۔
نیشنل سائبر سکیورٹی سنٹر نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی پروازوں کی منسوخی کا تعلق کسی سائبر حملے سے نہیں ہے۔