جدہ - - - - - - اردو نیوز کے 2 سینیئر صحافیوں اسپورٹس ایڈیٹر ضیاء الاسلام اور مصطفی حبیب صدیقی کے اعزاز میں اردو نیوز اور ملیالم نیوز کے ایڈیٹر انچیف طارق مشخص و تمام اسٹاف کی جانب سے مقامی ریستوران میں الوداعی ظہرانہ دیا گیا۔ تقریب میں اردو نیوز کے تمام ممبران نے شرکت کرتے ہوئے اپنے ہرلعزیز ساتھیوں کو الوداع کہا۔ دونوں سینیئر ساتھی طویل عرصہ تک اردو نیوز میں خدمات انجام دینے کے بعد مستقل طور پر پاکستان جارہے ہیں ۔ اس موقع پر طارق مشخص نے دونوں حضرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اردو نیوز کیلئے ان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ ایڈیٹر انچیف نے کہاکہ وہ اپنے وطن جاکر اخبار سے اپنا تعلق برقرار رکھیں گے اور ردو نیوز کو اپنے تجربے اور صلاحیتوں سے مستفید کرتے رہیں گے۔ ساتھ ہی دونوں حضرات کے لئے مستقبل میں اپنے اور تمام ساتھیوں کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ ضیاء الاسلام مختصر خطاب میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ، بمشکل تمام انہوں نے ایڈیٹر انچیف سمیت تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے دو خاندان ہیں ایک میرے افراد خانہ ،دوسرے اردو نیوز کے تمام ساتھی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی مجھ سے اگر کوئی غلطی یا کوتاہی سرزد ہوئی ہے تو معاف کریں اور جب بھی حرمین شریفین جائیں اپنے دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھیں۔ مصطفی حبیب کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ آپ سب کا ساتھ چھوڑوں لیکن فیملی مشکلات کی وجہ سے مجھے یہ مشکل فیصلہ لینا پڑا۔ اس کے باوجود آپ تمام ہمیشہ میرے دل میں رہیں گے ۔ انہوں نے بھی انتہائی جذباتی انداز میں اپنی غلطیوں اور کوتاہی کی معافی طلب کرتے ہوئے اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔ سینیئر صحافی شہزاد اعظم نے دونوں ساتھیوں کے ساتھ گزرے ہوئے وقت کا ذکر کیا اور ان کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات اردو نیوز کیلئے قیمتی سرمایہ سے تعبیر کیا۔ آخر میں طارق مشخص نے دونوں ساتھیوں کو اپنے اور اسٹاف کی جانب سے تحائف پیش کئے۔