Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطے کی ترقی و استحکام کے لیے امن ناگزیر ہے: سعودی وزیر داخلہ

عرب وزرائے داخلہ کا اہم اجلاس  بدھ کو تیونس میں ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
عرب وزرائے داخلہ کا اہم اجلاس  بدھ کو تیونس کے صدر قیس سعید کی سرپرستی میں ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کی جو عرب وزرائے  داخلہ  کونسل کے اعزازی صدر بھی ہیں۔ 
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے خطاب میں شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ سعودی قائدین کی خواہش ہے کہ عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس مشترکہ عرب امن کے فروغ کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 

 انسانی حقوق کے اداروں سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کیا گیا( فوٹوایس پی اے) 

سعودی وزیر داخلہ نے کہا کہ امن ہر فرد کی ضرورت اور مقصد ہے۔ کسی بھی علاقے کی ترقی و استحکام کے لیے امن ناگزیر ہے۔ اقوام و ممالک کو سیاسی، امن و سماجی استحکام و اقتصادی خوشحالی کی ہمیشہ ضرورت ہوتی ہے۔
سعودی وزیر داخلہ نے کہاکہ آج دنیا بھر میں جو تبدیلیاں آرہی ہیں وہ سب ملکوں کے امن و استحکام پراثر انداز ہورہی ہیں۔ ہم اسی دنیا کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی ایجادات سے بنی نوع انساں کو بڑا فائدہ ہورہا ہے تاہم جرائم پیشہ عناصرانفارمیشن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، یہ اس کا تاریک پہلو ہے۔
بحرینی وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے عرب ممالک کی داخلہ کی وزارتوں میں انسانی حقوق کے اداروں سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ 

اجلاس میں جنرل سیکریٹریٹ کی رپورٹ اور دیگر امور زیر بحث آئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)

اجلاس میں جنرل سیکریٹریٹ کی رپورٹ، نایف یونیورسٹی کے سربراہ کی رپورٹ اور جنرل سیکریٹریٹ اورعرب وعالمی اداروں کی میٹنگوں کے نتائج بھی زیر بحث آئے۔ کونسل کے سیکریٹری جنرل نے مشترکہ اعلامیہ پیش کیا۔
اجلاس میں عرب وزرائے  داخلہ کے علاوہ عرب لیگ، جی سی سی، مغرب عربی آرگنائزیشن، یورپی یونین، انٹرپول، انسداد دہشت گردی کے بین الاقوامی ادارے، منشیات و جرائم کے انسداد سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے، یوروپول اور مشرق وسطی و شمالی افریقہ میں انسداد دہشت گردی پروجیکٹ کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں تیونس کے صدر قیس سعید سے بدھ کو قرطاج ایوان صدارت میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف اور عرب وزرائے  داخلہ نے ملاقات کی۔
 تیونس کے صدر نے عرب ممالک و اقوام کی سلامتی و امن کے تحفظ کے  سلسلے میں عرب وزرائے داخلہ کے موثر کردار اور مساعی کو سراہا ہے۔ 

شیئر: